Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے دبئی آنے والے ٹرانزٹ مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ لازمی قرار

جمعے سے تمام مسافر روانگی سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کروائیں گے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان سے دبئی کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے روانگی سے پہلے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عرب امارات کی ایمریٹس ایئر لائن نے کہا ہے کہ جمعے سے پاکستان سے آنے والے تمام مسافر روانگی سے قبل ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کروائیں گے۔
خیال رہے کہ 5 اگست کو متحدہ عرب امارات نے پاکستان، انڈیا، نائجیریا اور چند دیگر ممالک سے ٹرانزٹ پروازوں کے ذریعے آنے والے مسافروں کے داخلے پر عائد پابندی اٹھا دی تھی۔ تاہم ان ممالک سے آنے والوں پر شرط عائد کی گئی تھی کہ وہ پرواز سے قبل کورونا ٹیسٹ کا منفی ریزلٹ دکھائیں گے جو روانگی سے چار گھنٹے پہلے لیا گیا ہو۔
ایمریٹس ایئر لائن کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، انڈیا اور چند دیگر ممالک سے دبئی آنے والے مسافروں کو دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایک اور پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔
بیان کے مطابق پاکستان سے دبئی یا ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کو فلائٹ پر چڑھنے سے پہلے ایئر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔
اماراتی شہریوں پر دیگر شرائط لاگو نہیں ہوتیں، تاہم انہیں دبئی پہنچنے پر پی سی آر ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔
پاکستان سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے دیگر شرائط میں منفی پی سی آر ٹیسٹ کا ریزلٹ لانا شامل ہے جو روانگی سے 48 گھنٹے قبل اماراتی منظور شدہ لبارٹریوں سے کروایا گیا ہو۔
خیال رہے کہ عرب امارات جانے والے تمام مسافروں کے لیے پاکستان کے تمام بین الاقوامی ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کورونا کی علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی انسان میں اس کی موجودگی کا تعین کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دیگر اقسام کے ٹیسٹ وائرس میں موجود پروٹین کا پتہ لگاتے ہیں جس سے انسان کے سانس لینے کے نظام میں کورونا وائرس کی موجودگی کا علم ہوتا ہے۔

شیئر: