سعودی عرب میں اتوار 29 اگست سے سکول کھل جائیں گے۔ وبا کے دوران طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کو وائرس سے بچانے کے لیے سکول بند کردیے گئے تھے اور کلاسز آن لائن ہورہی تھیں۔
معمولات زندگی بحال ہونے پر اب مملکت میں بھی سکول اتوار سے کھل جائیں گے۔ ان دنوں سٹیشنری، سکول ڈریس فروخت کرنے والی دکانوں پر بہت رش ہے۔

سرکاری خ:ر رساں ایجنی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں مقامی شہری ہی نہیں مقیم غیرملکی بھی نئے تعلیمی سال کی آمد اور سکولوں کی بحالی کے پیش نظر تجارتی مراکز اور سٹیشنری سینٹرز میں بڑی تعداد میں نظر آ رہے ہیں۔ طلبہ کے لیے سکول بیگ، سٹیشنری کا سامان اور ضرورت کی دیگر اشیا خریدی جا رہی ہیں۔
بیشتر بازاروں میں سکولوں کا سامان وافر مقدار میں موجود ہے۔ تاجر برادری اس سیزن سے فائدہ اٹھانے اور طلبہ کو ان کی ضرورت کا سامان مہیا کرنے کے لیے پہلے ہی سے تیاریاں کیے ہوئے ہے۔

طلبہ کے یونیفارم کے لیے والدین ایک جانب تو درزیوں کے پاس پہنچ رہے ہیں تو دوسری جانب ملبوسات کی دکانوں سے ریڈی میڈ سکول ڈریس خریدے جا رہے ہیں۔ مختلف کلاس کے کپڑے سکول ڈریس مارکیٹ میں موجود ہیں۔ جوتوں کی دکانوں پر بھی بھیڑ ہے مختلف سائز کے رنگ برنگے جوتے خریدے جا رہے ہیں۔ والدین کے ہمراہ بچے اور بچیاں بھی آ رہے ہیں۔
سٹیشنری کی دکانوں پر قلم، بیگ، نوٹ بک کی طلب بڑھی ہوئی ہے۔
