افغانستان کی سرحد کے قریب روسی افواج کی جنگی مشقیں
اگلے مہینے روس کی سربراہی میں قائم سکیورٹی بلاک کرغیزستان میں ایک اور مشق کرے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
افغانستان کی سرحد کے قریب واقع تاجکستان کے پہاڑوں میں روس کے تقریباً 500 فوجی اہلکار جنگی مشقیں کر رہے ہیں۔
روس کی وزارت دفاع کا پیر کو کہنا تھا کہ یہ افغانستان میں عدم استحکام کے دوران ہو رہا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے انٹرفیکس نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ روس کے سنٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ کے مطابق جنگی مشقوں میں شرکت کرنے والے تمام اہلکار تاجکستان میں قائم روسی ملٹری بیس سے ہیں۔
یہ مشقیں رواں ماہ روس کی جانب سے افغان سرحد کے قریب ہوئے والی جنگی مشقوں کا تیسرا سلسلہ ہے۔
اگلے مہینے روس کی سربراہی میں قائم سکیورٹی بلاک کرغیزستان میں ایک اور جنگی مشق کرے گا۔
واضح رہے کرغیزستان میں بھی ایک روسی فوجی اڈہ قائم ہے۔