سیاحتی ویزوں کے اجرا سے امارات آنے والوں کی تعداد 50 فیصد بڑھے گی
ایکسپو 2020 دبئی میں شرکت کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ (فوٹو: الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں ٹورازم ایجنسیوں نے سیاحتی ویزے کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے فضائی کمپنیوں، ہوٹلوں اور ریٹیل کے شعبوں کو بہت فائدہ ہوگا۔
الامارات الیوم کے مطابق پیر 30 اگست سے امارات نے دنیا کے تمام ممالک کے لیے سیاحتی ویزے کھول دیے ہیں۔ امارات آنے والوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ ہوٹلوں کی طلب بڑھے گی۔ شاپنگ سینٹرز آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ رینٹ اے کار اور فضائی کمپنیوں کے شعبے بھی بحال ہوں گے۔
امارات نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور شدہ کورونا ویکسین لگوانے والے سیاحوں کو سیاحتی ویزے جاری کیے جائیں گے۔
البادی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل محمد الصاوی نے کہا کہ سیاحتی ویزوں کے اجرا کا فیصلہ بڑا اقدام ہے۔ اس سے سیاحت بحال ہوگی اور وبا سے پہلے والا ماحول بن جائے گا۔ بیرونی دنیا سے کم از کم 50 فیصد سیاحت کھل جائے گی۔
مقیم غیرملکیوں کے اہل خاندان، طلبہ اور علاج کے لیے آنے والے سیاحوں کی تعداد بڑھے گی۔ مارکیٹنگ، تفریحات، نمائشوں اور کانفرنسوں کی سرگرمیاں بھی تیز ہوں گی۔
ایکسپو 2020 دبئی میں شرکت کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔
نیرفانا سیاحتی کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین علا العلی نے کہا کہ ویزوں کے اجرا کا فیصلہ بڑا اچھا ہے۔ امارات آنے والوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ ہوگا۔ ایکسپو دبئی 2020 پر اس کے خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ ہوٹلوں کا کاروبار 20 فیصد تک بڑھے گا۔
ماہر سیاحت سعد الحمادی نےکہا کہ 40 سے 50 فیصد تک سیاحوں کی تعداد بڑھ جائے گی۔ فضائی کمپنیوں کی پروازوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں