انگلش کپتان رواں سال اب تک چھ سینچریاں بنا چکے ہیں جن میں سے تین انڈیا کے خلاف جاری سیریز میں بنائیں۔
تیس سالہ بلے باز گزشتہ میچز میں 109، 180 ناٹ آؤٹ کے علاوہ 121 رنز کی اننگز بھی کھیل چکے ہیں اور اس دوران ہی وہ انڈیا کے وراٹ کوہلی، آسٹریلیا کے ڈیو مارنسن اور سٹیو سمتھ جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن سے آگے نکل گئے۔
اس حوالے سے روٹ کا کہنا ہے کہ ’مجھے یہ سن کر فخر کا احساس ہوا، میرے لیے بہتر یہی ہو گا کہ اب میں اس کو برقرار رکھوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ مزید فارم میں آؤں گا، میں اس وقت بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں اور مجھے مزید فوکسڈ ہونے کی ضرورت ہے۔‘
تقریباً چار سال میں پہلی مرتبہ وراٹ کوہلی اپنی ٹیم کے ٹاپ ریٹڈ بلے بازوں میں شامل نہیں، انگلینڈ پہنچے کے بعد سات اننگز میں صرف ایک نصف سینچری بنانے کے بعد اوپنر روہت شرما نے ان سے پانچواں نمبر بھی چھین لیا ہے۔
علاوہ ازیں روٹ کے ساتھ اس ہفتے نئے نائب کپتان معین علی ہوں گے جو کہ جوس بٹلر کی غیر موجودگی میں نائب کپتان بنائے گئے ہیں۔ بٹلر بچے کی پیدائش کی وجہ سے چھٹی پر ہیں۔
معین علی کے حوالے سے روٹ کا کہنا تھا کہ ’وہ ایک لیڈر ہیں جن میں ٹیم کو آگے بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔‘
روٹ کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ کرکٹ کے حوالے سے ایک بہترین دماغ کے مالک ہیں، انہوں نے انگلینڈ کے لیے پہلے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور وہ نائب کپتانی کے لیے بہترین ہیں۔‘