جو روٹ نے معین علی سے معافی کیوں مانگی؟
معین علی اس ماہ کے آخر میں ٹی20 سیریز کے لیے دوبارہ انڈیا آئے گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے معین علی کے حوالے سے اپنے بیان پر ان سے معافی مانگی ہے۔
انڈیا سے دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد روٹ نے گذشتہ روز منگل کو پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’معین نے یکطرفہ طور پر ٹور چھوڑ کر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
انگلش کپتان نے اس حوالے سے مزید کہا تھا کہ ’معین نے گھر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ظاہر ہے یہ ان کے لیے ایک مشکل دورہ رہا ہے۔ اگر کھلاڑی یہ سمجھتے ہیں کہ انہیں ببل سے باہر جانے کی ضرورت ہے تو ان کے پاس اس کا انتخاب ہوتا ہے۔
معین سے رکنے کے لیے زیادہ نہیں پوچھا گیا اور انہوں نے اس فیصلے کا انتخاب کیا۔‘
کرک انفو کے مطابق جو روٹ نے اس احساس کے بعد کہ انہوں نے غلط بات کہہ دی ہے منگل کو ہوٹل واپس جانے کے بعد معین سے بات کی اور انہیں بتایا کہ وہ اپنی بات کو ٹھیک سے بیان نہیں کر سکے اور انہیں ٹیم کے لیے ان کی اہمیت کا بھی بتایا۔
روٹ کے بیان کے بعد میڈیا میں بھی ردعمل دیکھنے میں آیا اور کچھ نے معین علی کا دفاع بھی کیا۔
دوسری جانب معین علی نے بھی بات کو سمجھتے ہوئے کپتان کی معافی قبول کر لی ہے اور اچھے انداز میں وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔
وہ اس ماہ کے آخر میں ٹی20 سیریز کے لیے دوبارہ انڈیا آئے گے اور ان کے آئی پی ایل کی نیلامی میں منتخب ہونے کے امکانات بھی ہیں۔
تاہم جو روٹ کے بیان کے برعکس حقیقت یہ ہے کہ معین کے دورے میں وقفے کے حوالے سے سلیکٹرز نے کئی ہفتے پہلے فیصلہ کیا تھا۔
ٹیم مینجیمنٹ کی پالیسی کے مطابق تمام فارمیٹس میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو دورے کے دوران کسی مقام پر بائیو ببل سے وقفہ دیا جائے گا۔
بین سٹوک، بٹلر، سَیم کیرن، جونی بیرسٹو، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ اسی طرح وقفے لے چکے ہیں۔
خیال رہے کہ انگلینڈ ٹیم اس وقت انڈیا کے طویل دورے پر ہے جہاں ان کے درمیان چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز جاری ہے اور دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔
اس کے علاوہ انگلینڈ ٹیم پانچ ٹی20 میچز اور تین ون ڈے میچز بھی کھیلے گی۔