سعودی عرب کے عبدالرحمن القرشی نے بدھ کو ٹوکیو 2020 میں منعقدہ پیرالمپک گیمز میں ٹی 53 100 میڑ کی ریس میں پہلا میڈل حاصل کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق 23 سالہ عبدالرحمن القرشی ٹوکیو 2020 پیرالمپک گیمز میں وہیل چیئرز پر سو میٹر کی دوڑ میں 14.60 وقت میں فاصلہ طے کرکے تیسرے نمبر پر رہے اور براؤنز میڈل حاصل کیا۔ یہ پہلا میڈل ہے جو کسی سعودی کھلاڑی کے نام ہوا ہے۔
سعودی پیرالمپک ٹیم جمعہ 20 اگست کو جاپانی دارالحکومت ٹوکیو پہنچی تھی۔ پیرالمپک گیمز 24 اگست سے 5 ستمبر تک جاری رہیں گے۔
سعودی ٹیم 7 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اس کے سربراہ کمیٹی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر رافد القضیب ہیں۔
ایتھلیٹکس میں عبدالرحمن القرشی، فہد الجنیدل، سارۃ الجمعہ، علی النخلی، حسن دوشی، ٹیبل ٹینس میں مریم المریسل اور گھڑ سواری میں احمد الشربتلی نمائندگی کررہے ہیں۔