Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودائزیشن کی خلاف ورزیاں، ایک ماہ میں 3 ہزار 220 چالان

ی مالز میں دکانوں اور اسٹالز میں سعودائزیشن کی شرط لازمی ہے(فوٹو سبق) 
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے ریاض ریجن میں سعودائزیشن کی خلاف ورزیوں پرگزشتہ ماہ 3 ہزار 220 چالان کیے گئےـ 
وزارت افرادی قوت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد بن عبداللہ الحربی نے سعودی خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی مالز میں دکانوں اور اسٹالز میں سعودائزیشن کی شرط لازمی ہے۔ 
ایسی دکانیں جہاں سعودیوں کی جگہ غیر ملکیوں کو ملازم رکھا جاتا ہے وہ قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں ـ
وزارت افرادی قوت کی ٹیموں نے ریاض ریجن میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف مارکیٹوں اور مالز کے 16 ہزار سے زائد تفتیشی دورے کیے تاکہ سعودیوں کےلیے مخصوص ملازمتوں کا جائزہ لیا جاسکےـ 
ریجنل ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ خلاف ورزیوں پر3 ہزار 220 دکانوں اور اسٹالز مالکان کے چالان کیے گئے جبکہ 298 دکانداوں کو معمولی خلاف ورزیوں پرانتباہی نوٹسز جاری کیے گئےـ 
وزارت کی جانب سے خلاف ورزیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کےلیے ٹول فری نمبر 19911 کے علاوہ ’معا للرصد‘ کے عنوان سے ایپ بھی لانچ کی ہے جہاں سعودائزیشن کے حوالے سے کسی بھی طرح کی خلاف ورزی رپورٹ کی جاسکتی ہے ـ 
واضح رہے وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کی جانب سے مالز اور مختلف مارکیٹوں میں متعدد پیشوں کی سعودائزیشن کی گئی ہے جہاں غیر ملکیوں کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ـ 
اس ضمن میں قوانین پرعمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے وزارت افرادی قوت کی تفتیشی ٹیموں کی جانب سے مختلف شہروں میں اچانک تفتیشی دورے کیے جاتے ہیں ـ  

شیئر: