طالبان افغانستان سے چارٹرڈ پروازوں کی اجازت دیں: اینٹونی بلنکن
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’طالبان چاہتے ہیں کہ ان کی حکومت کو عالمی سطح پر قانونی حیثیت ملے‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے طالبان سے کہا ہے کہ ’وہ افغانستان سے امریکیوں اور افغان شہریوں کے انخلا کے لیے چارٹر پروازوں کی اجازت دیں۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق افغانستان سے لوگوں کو نکالنے کے لیے چارٹر طیارے مزار شریف کے ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں اور کچھ منتظمین کا کہنا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ ان کی روانگی کے لیے خاطر خواہ کوشش نہیں کر رہا۔
بدھ کو جرمنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اینٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ’امریکہ ان پروازوں کی روانگی کے لیے پوری کوشش کر رہا ہے، لیکن طالبان روانگی کی اجازت نہیں دے رہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے تمام فریقوں پر واضح کیا ہے، ہم نے طالبان پر واضح کیا ہے کہ ان چارٹرڈ فلائٹس کو جانے دیا جائے۔‘
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’طالبان چاہتے ہیں کہ ان کی حکومت کو عالمی سطح پر قانونی حیثیت ملے۔ طالبان کو کسی بھی قسم کی سپورٹ یا قانونی حیثیت حاصل کرنے کے لیے خود کو ثابت کرنا ہوگا۔‘
جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے کہا کہ ’طالبان کی طرف سے ایسی حکومت تشکیل دی گئی ہے جس میں طالبان کے علاوہ کسی کی نمائندگی نہیں تو ایسے میں نہ تو عالمی تعاون حاصل ہوگا اور نہ ہی ملک میں استکام آئے گا۔‘
’ہمیں امید ہے کہ حکومت کی مکمل طور پر تشکیل کرتے ہوئے ان باتوں کا خیال رکھا جائے گا۔‘