Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہندوستانی ملازمین کی دفتر خارجہ سے مدد کی اپیل

نئی دہلی .... الاحساءمیں کام کرنیوالے 29ہندوستانی ملازمین نے شکوہ کیا ہے کہ اان کی کمپنی انہیں 12دن سے دفتر میں کھانے پینے سے محروم رکھے ہوئے ہے۔ہندوستانی وزیر امور خارجہ سے انہوں نے اپنا مسئلہ حل کرانے کیلئے تحریری درخواست بھی پیش کی ہے۔ یہ اطلاع انگریزی میں ہندوستانی ”سیاست پوسٹ“ ویب سائٹ نے دی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملازمین کا تعلق تلنگانہ ریاست سے ہے۔ انکا کہناہے کہ کمپنی ہمیں ایسی جگہ رکھے ہوئے ہے جہاں کھانے پینے کا بندوبست نہیں اور بنیادی معاشی وسائل مہیا نہیں۔ انکے ساتھ یہ رویہ چھٹی کی درخواست دینے پر کیا گیا۔ ایک ہندوستانی ملازم نے اپنی مشکل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم لوگوں نے چھٹی کی درخواست دی تھی اور 50ہزار ڈالر کے مساوی مطالبات پیش کئے تھے۔ کمپنی نے انہیں چھٹی دی نہ ہی مطالبات پورے کئے اور سفر کے اخراجات دینے سے بھی انکار کردیا۔ملازمین نے بتایا کہ انہوں نے الاحساءلیبر کورٹ پہنچ کر کمپنی کے خلاف شکایت درج کرائی ۔ عدالت نے کمپنی کو حکم دیا تھا کہ وہ 3دن کے اندر ملازمین کو سفر کی اجازت دے اور انکے سفری اخراجات ادا کرے۔ کمپنی نے عدالتی فیصلہ جاری ہونے پر کارکنان کو دفتر کے ایک کمرے میں بند کردیا ہے۔ کھانے پینے سے محروم رکھا جارہا ہے ۔ 12روز سے یہی حال ہے۔ انہوں نے ہندوستانی حکومت سے فوری مداخلت کرکے اپنا مسئلہ حل کرانے اور تمام ملازمین کو کمپنی کے دفتر سے رہا کرانے کا مطالبہ کردیا۔

شیئر: