ویکسینیشن کے بعد کورونا سے متاثر ہونے پر تیسری خوراک ضروری ہے؟
ویکسینیشن کے بعد کورونا سے متاثر ہونے پر تیسری خوراک ضروری ہے؟
ہفتہ 11 ستمبر 2021 18:24
مملکت میں دی جانے والی کورونا ویکسینز محفوظ اور فعال ہیں (فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لینے کے بعد وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں تیسری خوراک لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت صحت نے وائرس سے متاثر ہونے کی مختلف صورتوں کے بارے میں استفسارات کے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ’ وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں لینا بہتر ہوگا‘۔
’پہلی خوراک وائرس سے متاثر ہونے پر کم از کم دس روز بعد لی جائے۔ دوسری خوراک لینے سے وائرس کی نئی شکلوں کے اثرات سے بھی محفوظ ہوجائے گا۔ دوسری خوراک پہلی خوراک کے تین ہفتے بعد لی جائے‘۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ’ اگر پہلی خوراک لینے کے بعد وائرس لگا ہو تو ایسی صورت میں دوسری خوراک کم از کم دس روز بعد لی جائے تاہم اگر دو خوراک لینے کے بعد وائرس کا شکار ہوجائے تو ایسی صورت میں اب تک کی ہدایات کے مطابق تیسری خوراک کی ضرورت نہیں ہوگی‘۔
وزارت صحت نے اطمینان دلایا کہ’ اگر کسی شخص نے ایسی حالت میں لاعلمی کی بنا پر ویکسین لے لی ہو تو اس کا کوئی نقصان نہیں ہے‘۔
علاوہ ازیں سبق نیوز نے سعودی وزارت صحت کے حوالے سے کہا ہے کہ ’مملکت میں دی جانے والی کورونا ویکسینز محفوظ اور فعال ہیں ـ ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے سے وائرس کی نئی تبدیل ہونے والی شکل سے بھی محفوظ رہا جاسکتا ہے‘ـ
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا کی نئی شکل تیزی سے پھیلنے والی ہے جس سے محفوظ رہنے کےلیے دونوں خوراکیں لینا لازمی ہے‘ـ
واضح رہے ابتدا میں ایسے افراد کو جو کورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں کورونا کی ایک ہی خوراک دی جاتی تھی تاہم اب نئی تحقیق کے مطابق ایسے افراد کو جنہیں کورونا سے شفایاب ہوئے 6 ماہ سے زائد عرصہ گزرچکا ہے دوسری خوراک بھی دی جارہی ہےـ
مملکت میں اس وقت کورونا سے بچاو کےلیے فائزر بائیونٹک، اسٹرازائینکا اور موڈرنا ویکسین دی جارہی جس کا باقاعدہ لیبارٹری ٹیسٹ کیا جاچکا ہےـ
ویکسین کی ٹیسٹ رپورٹ کے مطابق ویکسین مکمل طورپر محفوظ ہیں اور ان کے مضراثرات نہیں بلکہ ان یہ ویکسینز کورونا کی نئی شکل سے بھی محفوظ رکھتی ہیں ـ
خیال رہے سنیچر کو مملکت میں کورونا کے 83 ایکیٹو کیسز سامنے آئے جبکہ ایک ہی دن میں 75 افراد اس وائرس سے صحتیاب ہوئے ـ