کویت میں شہریوں کے لیے 70 ہزار دینار تک کے غیر سودی قرضے
چالیس سے 70 ہزار دینار تک کا قرضہ چار برس میں ادا کرنا ہوگا(فوٹو ٹوئٹر)
کویت نے شہریوں کے لیے 70 ہزار دینار تک کے غیر سودی قرضے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چالیس ہزار سے 70 ہزار دینار تک کا قرضہ چار برس میں ادا کرنا ہوگا۔ اس دوران کسی طرح کا کوئی منافع نہیں لیا جائے گا۔
کویتی جریدے الرائ نے بتایا کہ کویت میں بینکوں نے قرضوں کے سرکاری پروگرام پر عمل کررہے ہیں اور بینک اس حوالے سے سبقت لے جانے کی کوشش میں ہیں۔
اس وقتکویت میں سات بینک قرضہ سکیموں کا اعلان کرچکے ہیں۔ان میں سے قرضے کی کم از کم پیشکش پچیس ہزار دینار تک کی ہے۔ بعض بینک قرض خواہوں کو نقد تحائف اور غیر معمولی سہولتیں بھی فراہم کرنے کی پیشکش کررہے ہیں۔
بینکاروں کا کہنا ہے کہ قرض حسنہ کے زمرے میں اعلی تنخواہ والے ہی آئیں گے جو شخص 70 ہزار دینار کا قرضہ لے گا اس کے لیے ضروری ہوگا کہ اس کی کم از کم تنخواہ 3645 دینار ہو تاکہ ماہانہ قسط 1458 دینار ادا کرسکے۔
کویت کا سینٹرل بینک یہ پابندی لگائے ہوئے ہے کہ ملازم کی تنخواہ کا چالیس فیصد قسط کی مد میں وصول کیا جاسکتا ہے اس سے زیادہ نہیں۔ ریٹائر افراد کی پینشن سے 30 فیصد تک قرضہ قسط وصول کرنے کی اجازت ہے۔