خود اعتماد نہیں بلکہ اپنی سب سے بڑی ناقد تھی: وانی کپور
بالی وڈ کی اداکارہ وانی کپور کہتی ہیں کہ ’میں زیادہ خوداعتماد انسان نہیں تھی بلکہ میں خود اپنی سب سے بڑی ناقد تھی۔ لیکن میں نے اس چیز کو بدلنے کا ارادہ نہیں کیا کیونکہ یہی بات مجھے ان جگہوں پر لے گئی جن کی وجہ سے مجھے بہتر فلمیں ملیں۔ آپ جتنا زیادہ کام کرتے ہیں، آپ بطور انسان اور اداکار اتنے زیادہ کھُل کر سامنے آتے ہیں۔‘
وانی کپور جن کی حال ہی میں فلم ’بیل باٹم‘ ریلیز ہوئی ہے اور متحدہ عرب امارات کے سینما گھروں میں اس کی نمائش جاری ہے، نے گلف نیوز کو انٹرویو میں اپنے فلمی کیریئر کے حوالے سے کئی باتیں شیئر کیں۔
وانی نے 2016 میں فلم ’بے فکرے‘ میں رنویر سنگھ کے ساتھ اپنی اداکاری کا جادو جگایا تھا جس میں انہوں نے ایک ڈانس نمبر کے لیے قومی ایوارڈ یافتہ انڈین کریوگرافر وائی بھاوی مارچنٹ کے ساتھ ریہرسل کی۔
وانی بتاتی ہیں کہ ’پہلے دن مجھے لگا کہ وہ (مرچنٹ) بہت مایوس ہو گئی ہیں، میں اتنی افسردہ تھی کہ میں یہ سوچ کر رونے لگی تھی کہ مجھے اتنا بڑا موقع ملا۔ میرے اوپر یہ بڑی ذمہ داری تھی اور مجھے یہ ثابت کرنا تھا کہ میں وقت کا ضیاع نہیں ہوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’بے فکرے (فلم) نے ڈانس اور پرفارم کرنے کے حوالے سے میرے خیالات بالکل بدل دیے۔ میں انہیں (مرچینٹ) مایوس نہیں کرنا چاہتی تھی اور مجھے یاد ہے کہ ریہرسلز کے دوران میرا کوئی ردھم، کوئی مطابقت نہیں تھی۔ میں جانتی تھی کہ مجھے بہت محنت کی ضرورت ہے۔‘
وانی کپور نے بلاک بسٹر فلم ’شدھ دیسی رومانس‘ سے فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کیا تھا جس میں ان کے مدمقابل سشانت سنگھ راجپوت اور پرینیتی چوپڑا تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے ہٹ فلم ’وار‘ میں ریتک روشن اور ٹائیگر شروف کے ساتھ اداکاری کی تھی۔
وانی کپور نے بتایا کہ ’میں ڈانسر نہیں ہوں، بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ میں ڈانسر ہوں لیکن میری بطور ڈانسر کوئی تربیت نہیں تھی اور بالی وڈ ہی میرے لیے سیکھنے کا ایک پلیٹ فارم تھا۔‘
فلم ’بیل باٹم‘ میں کاسٹ کیے جانے کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ’میں کردار کو دیکھتی ہوں لیکن میرے لیے سکرپٹ سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے۔ مجھے ’بیل باٹم‘ کے لیے وبا کے دنوں میں کال موصول ہوئی اور مجھے کہا گیا کہ یہ فلم شوٹ کر رہے ہیں۔ جب مجھے یہ کال آئی تو اس وقت کوئی بھی باہر نہیں نکل رہا تھا اور مجھے کام مل رہا تھا۔‘
وانی کپور یہ سمجھتی ہیں کہ بڑی فلم میں چھوٹا کردار بھی ان کے کیریئر کے لیے اچھا ثابت ہوا ہے۔