Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپی کروز کمپنی کا جدہ سے لگژری ٹوورز شروع کرنے کا اعلان

30 اکتوبر سے سعودی شہر جدہ سے لگژری کروز ٹوور کا آغاز کیا جائے گا۔ فوٹو سبق
دنیا کی بڑی کروز کمپنی ’ایم ایس سی کروز‘ نے سعودی عرب کے ساحلی علاقوں کے تفریحی ٹوور آئندہ ماہ سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے سعودی سیاحتی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔
عرب نیوز کے مطابق یورپی کمپنی ایم ایس سی کروز نے اعلان کیا ہے کہ 30 اکتوبر سے سعودی شہر جدہ سے لگژری کروز ٹوور کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
سات راتوں پر مشتمل اس کروز ٹوور میں راس الابیض اور العقبہ کی بندرگاہوں تک کا سفر شامل ہے جہاں سے اردن کے قدیم شہر پیٹرا جایا جائے گا، کروز شپ سفاجا کی بندرگاہ پر بھی رکے گا جہاں سے مصر کے شہر لکسر اور پھر سعودی شہروں الوجیح اور ینبع کی سیر کی جائے گی۔
ایم ایس سی کروز کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کروز ٹوور میں سعودی عرب کو شامل کرنے کا فیصلہ علاقے میں سمر سیزن کی انتہائی کامیابی کے بعد کیا ہے۔
بیان کے مطابق کروز جہاز ’ایم ایس سی بیلسیما‘ پر جولائی میں جدہ سے کروز ٹوورز کا آغاز کیا تھا جو انتہائی مقبول رہے، اس جہاز کی خطے میں مسلسل موجودگی سے سیاح سردیوں میں بھی تفریحی مقامات کی سیر کا تجربہ کر سکیں گے۔
کروز کمپنی نے یہ اعلان سعودی کابینہ کے فیصلے کے ایک دن بعد کیا ہے جس میں پورٹ اتھارٹی کے تحت بحری انفراسٹرکچر پراجیٹکس منظور کیے گئے ہیں تاکہ سعودی عرب میں کروز کی صنعت کو ڈیویلپ کیا جائے۔
جنوری میں سعودی عرب نے ’کروز سعودی‘ کے نام سے کمپنی لانچ کی تھی جس کا مقصد ملک میں کروز کے شعبے کو قائم کرنا اور سیاحتی شعبے میں 50 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرنا تھا۔
سعودی وژن 2030 کے تحت سعودی کروز کمپنی کی مدد سے ملک میں کروز ٹورز کے فروغ کو ممکن بنایا جائے گا۔

شیئر: