Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کنٹونمنٹ الیکشن میں مداخلت کا کوئی نام و نشان نہیں تھا‘

شہباز شریف کے مطابق ’کنٹونمنٹ بورڈ کا الیکشن کوئی معمولی معرکہ نہیں ہے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں کوئی مداخلت نہیں کی گئی اور اس میں پی ٹی آئی کی ’سیاسی موت‘ واقع ہوئی ہے۔
سنیچر کو سیالکوٹ میں مسلم لیگ نون کے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’کنٹونمنٹ بورڈ کا الیکشن کوئی معمولی معرکہ نہیں کیونکہ یہ وہ علاقہ ہے کہ جہاں پی ٹی آئی نے جنم لیا تھا اور آج اسی جنم بھومی میں پی ٹی آئی کی سیاسی موت واقع ہوئی ہے۔‘
ان کہنا تھا کہ ’یقیناً اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اس الیکشن میں دور دور تک مداخلت کا کوئی نام و نشان نہیں تھا۔ کہیں مداخلت کا نشان نہیں تھا۔ اور وہاں رہنے والوں نے خود اپنے ضمیر کے مطابق ووٹ کاسٹ کیے۔ پنجاب میں اکثریت نے مسلم لیگ نون کو ووٹ دیا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’لوگوں نے اس لیے ووٹ دیا کیونکہ وہ گذشتہ تین برسوں میں تنگ آ گئے ہیں۔ مہنگائی نے ان کی کمر توڑ دی ہے۔ لوگ کیوں نہ نواز شریف کی حکومت کو یاد کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگلے الیکشن میں مسلم لیگ نون پورے ملک میں میدان مارے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن صاف شفاف کرنے ہوں گے۔ اس مرتبہ کوئی دھاندلی کو برداشت نہیں کرے گا۔ کوئی سلیکٹڈ کو برداشت نہیں کرے گا۔‘

شیئر: