یوم الوطنی پر ’انوکھے‘ تجارتی اشتہارات، وزارت تجارت کا نوٹس
وزارت تجارت نے سوشل میڈیا پر وائرل اشتہارات کا نوٹس لیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے فرضی تجارتی اشتہارات پر وزارت تجارت کی جانب سے عائد پابندی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان اشتہارات کا سختی سے نوٹس لیا جائے گاـ
سبق نیوز کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے رعایتی اسکیم جاری کرنے کےلیے خصوصی پورٹل جاری کیا ہے جس کے ذریعے وہ تجارتی ادارے جو قومی دن کی مناسبت سے خصوصی رعایتی اسکیم جاری کرتے ہیں وہ لائسنس حاصل کرسکتے ہیں ـ
لائسنس حاصل کرنے کےلیے تجارتی اداروں کو اپنی مصنوعات کے سابقہ نرخ اور رعایتی نرخوں کی فہرست جمع کرانا پڑتی ہے جس کے بعد انہیں لائسنس جاری کیاجاتاہےـ رعایتی اسکیم کا اعلان لائسنس کے بغیر کرنا غیرقانونی شمار ہوتا ہےـ
سوشل میڈیا پرغیر معمولی طورپر جاری کیے جانے والے نامناسب اشتہارات کے حوالے سے بھی وزارت تجارت کی جانب سے سخت نوٹس لینے کا عندیہ دیا گیا ہے ـ
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اشتہارات کے بارے میں لوگوں نے وزارت تجارت سے فوری ایکشن لینے کا کہا ہےـ
اس بارے میں لوگوں کا کہنا تھا کہ ایک اسپورٹس کلب کی جانب سے انوکھا اشتہار جاری کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ 91 برس کے وہ افراد جو فٹ ہیں اور وہ ایک ہی وقت میں 50 پش اپ لگا سکتے ہیں انہیں 50 ہزار ریال کی قرعہ اندازی میں شامل کیاجائے گا علاوہ ازیں ان کے گھر میں فٹنس سینٹر بھی لگایا جائے گاـ
ایک اور کمپنی نے ایسے افراد کے لیے بکروں کی آفر کی جن کے قومی شناختی کارڈ کے مجموعی نمبرز 91 بنتے ہوں ـ اس اشتہار پر’ادارہ سول سروس‘ فوری مداخلت کرتے ہوئے اشتہار کو بند کروایا ساتھ ہی حکم جاری کیا کہ قومی شنختی کارڈ یا اسی قسم کی قومی دستاویز کو مقابلوں کا حصہ نہ بنایا جائے ـ
لوگوں کی بڑی تعداد نے وزارت تجارت اور دیگر سرکاری اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس قسم کے فرضی اشتہارات کے خلاف کارروائی کریں جو قومی دن کو استعمال کرتے ہوئے اپنی مصنوعات کی ترویج کررہے ہیں ـ