تجارتی اداروں کو ایوینٹس اور تشہیری مہمات کی مشروط اجازت
’تجارتی اداروں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ مختلف مواقع کی مناسبت سے ایوینٹس منعقد کریں‘ (فوٹو: المواطن)
سعودی وزارت تجارت نے مختلف تجارتی اداروں کو ایوینٹس منعقد کرنے اور تشہیری مہمات چلانے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ’تجارتی اداروں کے تمام ایوینٹس اور تشہیری مہمات کی نگرانی ہوگی‘۔
’تجارتی اداروں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ مختلف مواقع کی مناسبت سے ایوینٹس منعقد کریں اور تشہیری مہمات کے علاوہ سیل میلہ یا کسی نئی پروڈیکٹ پر تقریبات کا انعقاد کریں‘۔
’جن ایوینٹس یا مہمات میں عوام الناس کی شرکت ہوگی وہاں ایس او پیز پر عمل کرنا ضروری ہوگا‘۔
’اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ گنجائش کے حساب سے مقرر کردہ لوگوں کو آنے کی اجازت دی جائے گی‘۔
تقریب گاہ یا ایوینٹس میں شرکا کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے‘۔
’اسی طرح شرکا کے لیے ماسک کے اہتمام کے علاوہ مسلسل سینیٹائزنگ کرنا ہوگا‘۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ ’تجارتی اداروں کو کسی بھی خلاف ورزی پر جرمانہ ہوسکتا ہے اور سنگین خلاف ورزیوں کو ایوینٹس ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے‘۔
واضح رہے کہ وزارت تجارت نے گزشتہ اپریل کو کورونا وائرس کے باعث تجارتی اداروں پر ہر قسم کے ایوینٹس ، تشہیری مہمات اور رعایتی میلے منعقد کرنے پر پابندی عائد کی تھی‘۔