Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ٹیکس گوشواروں کے لیے ایف بی آر کے نئے لنک کا اجرا

روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کھولنے والے پاکستانیوں کو ٹیکس گوشوارے جمع کرانے سے استثنیٰ حاصل ہے۔ فوٹو: فری پِک
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انکم ٹیکس گوشوارے فائل کرنے میں مشکلات کے خاتمے کے لیے الگ سے لنک مختص کر دیا ہے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایف بی آر کے انکم ٹیکس گوشوارے اس لنک  www.iris.fbr.gov.pk  پر فائل کرنے میں مشکلات تھیں اس لیے ان کے لیے الگ لنک بنا دیا ہے۔
اب بیرون ملک مقیم شہری اس لنک https://iiris.fbr.gov.pk/ پر کلک کرکے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔
اس سوال کہ کیا بیرون ملک مقیم شہریوں کے لیے انکم ٹیکس گوشواروں کے لیے الگ سے کوئی ویب پورٹل لانچ کیا جا رہا ہے کے جواب میں ایف بی آر کے ترجمان نے کہا کہ حالیہ ہیکنگ بیرون ملک سے ہوئی تھی، اس لیے نئے پورٹل کے بارے میں سوچا ضرور جا رہا ہے لیکن اس پر فی الحال کوئی کام نہیں ہوا۔
ایک اور سوال کہ حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بجٹ میں کئی ایک ریلیف دیے تھے جن میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے سے استثنیٰ بھی تھا، ایسی صورت میں ان کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز کا لنک قائم کرنے کی کیا ضرورت ہے؟
اس حوالے سے ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ٹیکس سسٹم میں بیرون ملک مقیم شہریوں کے لیے نان ریذیڈنٹ کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے۔ وہ تمام پاکستانی جو بیرون ملک رہتے ہیں اور پاکستان میں ان کی کوئی آمدن نہیں انہیں پاکستان میں ٹیکس گوشوارے فائل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ تاہم وہ پاکستانی جو رہتے تو بیرون ملک ہیں لیکن پاکستان میں ان کا کوئی کاروبار، زرعی آمدن، جائیداد ہے جس سے کرایہ موصول ہو رہا ہے یا بینکوں میں جمع رقم سے منافع حاصل ہو رہا ہے، اس آمدن کو سامنے رکھتے ہوئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانا قانوناً لازمی ہیں۔
حکام کے مطابق وہ پاکستانی جنہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کھول رکھے ہیں اور وہ ان میں بیرون ملک سے رقوم بھیج رہے ہیں یا ان اکاونٹس کے ذریعے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں ان کو بھی ٹیکس گوشوارے فائل کرنے سے استثنیٰ حاصل ہے۔
واضح  رہے کہ چند روز قبل ایف بی آر اور سٹیٹ بینک کے درمیان ایک قانونی تنازع طے پا جانے کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے منی ٹرانسفر یا ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے قانونی طور پر بھیجی جانے والی رقم پر ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی اگر قانونی طریقے سے اپنے کسی رشتہ دار یا اہل خانہ کو بھی رقم بھیجتے ہیں، وہ انہیں اپنے گوشواروں میں ترسیلات زر بتا کر ٹیکس سے استثنیٰ حاصل کر سکتے ہیں۔

شیئر: