Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کا مکمل ویکسین شدہ مسافروں کے لیے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

کورونا کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر کم تعداد میں مسافر دیکھے گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ماہ سے مکمل ویکسین شدہ تمام مسافروں کے لیے کورونا وائرس کے باعث عائد سفری پابندیوں کو ختم کرے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو صدر جوبائیڈن کے کورونا وائرس ریسپانس کے کوآرڈینیٹر جیفری زائنٹس نے کہا ہے کہ یہ سفری پابندیاں ان افراد کے لیے ختم کی جا رہی ہیں جو مکمل طور پر ویکسین شدہ ہیں اور وہ ٹیسٹنگ اور کنٹیکٹ ٹریسنگ سے گزر رہے ہیں۔
اس سے قبل اے ایف پی نے کہا تھا کہ امریکہ یورپی یونین اور برطانیہ پر گذشتہ 18 ماہ سے کورونا وائرس کی وبا کے باعث عائد سفری پابندیوں کو ختم کرے گا۔ 
اے ایف پی نے رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین اور برطانیہ سے ویکسین شدہ سیاح نومبر سے امریکہ کا سفر کر سکیں گے۔
کورونا وائرس کی وبا کے آغاز میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد سفری پابندیوں میں نرمی یورپی اتحادیوں کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے وقت صدر جوبائیڈن کی طرف سے ایک اہم تبدیلی ہوگی۔
یہ خبر فنانشل ٹائمز اور سی این این کی جانب سے دی گئی تاہم وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر اس معاملے پر تبصرہ نہیں کیا۔
فی الحال یورپی ممالک سے صرف امریکی شہریوں، رہائشیوں اور سپیشل ویزہ رکھنے والے غیرملکیوں کو امریکہ میں داخلے کی اجازت ہے۔
سفری پابندیوں پر یورپی اور برطانوی حکام نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔ یورپی یونین نے تجویز کیا تھا کہ رکن ممالک امریکی مسافروں پر دوبارہ پابندیاں عائد کر دیں۔

شیئر: