شہری نے اپنی عمارت مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے وقف کر دی
’وہ افراد یہاں مفت قیام کرسکتے ہیں جو گرد ونواح سے علاج معالجے کے لیے تبوک آتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
تبوک میں ایک سعودی شہری نے اپنی عمارت مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی رہائش کے لیے وقف کردی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تبوک میں خیراتی تنظیم کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللہ الشریف نے عمارت کو رہائشی ہوٹل میں تبدیل کرنے کے بعد افتتاح کیا ہے۔
وقف کی جانے والی عمارت میں 10 رہائشی یونٹ ہیں اور ایک ہر یونٹ میں دو کمرے، ٹی وی لاؤنچ اور کچن ہے۔
مذکورہ عمارت میں وہ افراد مفت قیام کرسکتے ہیں جو گرد ونواح سے علاج معالجے کے لیے تبوک آتے ہیں۔
مذکورہ رہائش مریضوں کے علاوہ ان کے ہمراہ آنے والے ان کے اہل خانہ کو بھی مفت فراہم کی جاسکتی ہے۔
تبوک میں محکمہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر غرم اللہ الغامدی نے عمارت کے مالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس نوعیت کا کار خیر پورے علاقے میں منفرد ہے‘۔
’عمارت کو رہائشی ہوٹل میں تبدیل کرنے کے بعد اس میں تمام سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ استقبالیہ اور رہائشیوں کے اندراج کے لیے عملے کا تعین کیا گیا ہے‘۔