Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملاقات میں جو بائیڈن کا نریندر مودی سے سوال، ’کیا ہم رشتہ دار ہیں؟‘

ملاقات میں مودی نے انڈیا اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے پر بائیڈن کی تعریف کی (فوٹو روئٹرز)
امریکی صدر جو بائیڈن نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ’کیا ہم رشتہ دار ہیں؟‘ جس کے جواب میں انڈین وزیراعظم نے بھی مذاقاً ’ہاں‘ کہا۔
روئٹرز کے مطابق جمعے کو امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ 1971 میں جب انہیں پہلی مرتبہ کانگریس کے لیے منتخب کیا گیا تو انہیں معلوم ہوا ہے کہ انڈیا میں بھی بائیڈن فیملی کی ایک شاخ ہے۔
’مجھے پتا چلا کہ وہاں ایک کیپٹن جارج بائیڈن رہتے ہیں جو ایسٹ انڈیا کمپنی میں کیپٹن تھے۔ ایک آئرش کے لیے اسے تسلیم کرنا مشکل ہے۔‘
 جو بائیڈن نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ جارج بائیڈن نے انڈین خاتون کے ساتھ شادی کی، لیکن کہا کہ ’میں اسے تلاش نہیں کر سکا، لہذا اس ملاقات کا مقصد یہ ہے کہ میری مدد کی جائے کہ وہ کون تھے۔‘
مودی نے کہا جو بائیڈن نے اس تعلق کے حوالے سے ان کے ساتھ پہلے بھی بات کی تھی اور انہوں نے ایسی دستاویزات حاصل کی ہیں جن کے ذریعے فیملی ٹری میں موجود خلا پُر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے جو بائیڈن سے کہا کہ ’آج میں آپ کے لیے کچھ دستاویزات لایا ہوں۔ ہو سکتا ہے ان سے آپ کو کوئی فائدہ ہو۔‘
انڈیا اور امریکہ کے تعلقات میں بتدریج قربت آئی ہے اور امریکہ انڈوپیسفک ریجن میں چین کے خلاف انڈیا کو اہم پارٹنر سمجھتا ہے۔
اس ملاقات کے بعد دونو رہنماؤں نے نام نہاد ’کواڈ‘ کے پارٹنرز آسٹریلیا اور جاپان کے ساتھ ملاقات کرنی تھی۔
اس دو طرفہ ملاقات میں مودی نے انڈیا اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے پر بائیڈن کی تعریف کی اور امریکی صدر نے کہا کہ دنیا کی دو بڑی جمہوریتوں کے درمیان تعلقات ’مزید مضبوط ہوں گے۔‘

شیئر: