نئی دہلی: ’انتہائی مطلوب‘ گینگسٹر کمرہ عدالت میں قتل
جتندر گوگی کو گذشتہ برس مارچ میں حراست میں لیا گیا تھا۔ (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
انڈیا کے ایک بدنام زمانہ گینگسٹر کو دو مسلح افراد نے نئی دہلی میں کمرہ عدالت میں قتل کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اےا یف پی کے مطابق جمعے کو پولیس نے کہا ہے کہ گینگسٹر جتندر گوگی کو وکیلوں کا بھیس اختیار کیے ہوئے دو مسلح افراد نے قتل کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ’جتندر گوگی دہلی کے روہینی ضلع کے کمرہ عدالت میں سماعت کے لیے موجود تھے جب وکلا کے بھیس میں دو افراد نے ان پر فائرنگ کی۔‘
پولیس نے حملہ کرنے والے دونوں افراد کو موقعے پر ہلاک کیا۔
جتندر گوگی دہلی کا انتہائی مطلوب گینگسٹر تھا۔ان کو گذشتہ برس مارچ میں حراست میں لیا گیا تھا۔
ان کو پہلی مرتبہ 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم وہ پولیس کے حراست سے فرار ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کا تعلق مخالف گینگ سے تھا۔
جتیندر گوگی کی عمر 30 برس تھی۔ وہ دہلی اور شمالی ریاستوں میں گینگز کے درمیان لڑائی جھگڑوں، قتل، ڈکیتیوں اور بھتہ خوری میں ملوث تھے۔
دہلی پولیس نے ان کی گرفتاری کے بعد کہا تھا کہ شمالی انڈیا کے علاقوں کے کنٹرول کے لیے ان کی ایک گینگ کے سربراہ کے ساتھ تنازع تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کو تلو گینگ کے ممبرز وکیلوں کے بھیس میں کمرہ عدالت میں داخل ہوئے تھے۔