Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: ہرنائی میں ایف سی کے قافلے پر حملہ، چار اہلکار ہلاک

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)
بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ایف سی کی پٹرولنگ پارٹی پر بم حملے میں چار اہلکار اہلکار ہلاک اور افسرسمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے۔
ہرنائی لیویز کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ فرنٹئیر کور بلوچستان 139 ونگ کے قافلے کو ہفتہ کی صبح کوئٹہ سے تقریباً  120 کلومیٹر دور ہرنائی کوئٹہ شاہراہ پر شاہرگ اور کھوسٹ کے درمیان نشانہ بنایا گیا۔
لیویز عہدے دار کے مطابق ’دہشت گردوں نے سڑک کنارے بم نصب کر رکھا تھا۔ جب معمول کے گشت میں مصروف ایف سی اہلکاروں کی گاڑی قریب پہنچی تو زوردار دھماکا ہوگیا اور گاڑی تباہ ہوگئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار چار اہلکار سپاہی حسین رحمت، محمد سلیم، ماجد فرید اور سپاہی ذاکر موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ کیپٹن اویس اور سپاہی لقمان زخمی ہوگئے۔
دونوں زخمیوں کو علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
حملے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
ہرنائی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں فورسز پر اس سے پہلے بھی کئی جان لیوا حملے ہوچکے ہیں۔ زیادہ تر حملوں کی ذمہ داری کالعدم علیحدگی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر یہ دوسرا حملہ ہے۔
جمعے کو آواران کے علاقے پیراندر کنیرا میں فورسز کے قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں دو اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔
 جمعے کو ہی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ بلوچستان کے ضلع خاران میں فورسز نے آپریشن میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے دو اہم کمانڈروں سمیت چھ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

شیئر: