سعودی عرب میں کورونا ویکسین کی تیسری خوراک کن افراد کو دی جائے گی؟
اتوار 26 ستمبر 2021 18:22
تیسری خوراک دوسری خوراک کے 8 ماہ بعد دی جائے گی(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب بعض زمروں کو کورونا کی تیسری ویکسین جلد فراہم کی جانے لگے گی‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ترجمان نے اتوار کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’وزارت صحت نے گردوں کے پرانے مریضوں یا اعضا کی پیوند کاری کرانے والوں کو بوسٹر ڈوز دینا شروع کردی ہے‘۔
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ’ اب وزارت صحت بزرگوں یا 60 برس یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے تیسری خوراک کی تیاری کررہی ہے‘۔
ترجمان نے کہا کہ’ ان لوگوں کو تیسری خوراک دوسری خوراک کے 8 ماہ بعد دی جائے گی۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا جائے گا کہ بوسٹر ڈوز کن لوگوں کو دی جائے گی‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے مزید کہا کہ’ اب تک کورونا ویکسین کی مملکت میں 41 ملین سے زیادہ خوراکیں دی جاچکی ہیں جبکہ 18 ملین سے زیادہ افراد ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہیں‘۔
ترجمان کے مطابق’ جو لوگ کورونا وائرس میں مبتلا ہیں وہ صحت یاب ہوتے ہی ویکسین کی خوراکیں پہلی فرصت میں حاصل کرلیں‘۔