انجینیئر خالد الفالح نے سعودی وفد کی سربراہی کی ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینیئر خالد الفالح نے سعودی قازقستان مشترکہ کمیشن کے پانچویں اجلاس میں سعودی وفد کی سربراہی کی ہے۔
اجلاس میں دونوں ملکوں کے سرکاری عہدیدار اور پرائیویٹ سیکٹر کے نمائندے شریک ہوئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انجینیئر خالد الفالح قازقستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کرکے 1991 سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط شراکت کا جائزہ لیں گے۔
علاوہ ازیں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی و سرمایہ کاری کے تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری اور سعودی وفد قازقستان کی بڑی کمپنیوں کے نمائندوں اور متعدد سرکاری عہدیداروں سے ملاقاتیں کرکے زراعت، معدنیات، کانکنی، پٹرول، گیس، مواصلات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، خلا، سیاحت اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔
انجینیئر خالد الفالح کے دورہ قازقستان کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی و ترقیاتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ کوشش ہوگی کہ دونوں ملک سعودی وژن 2030 کے فراہم کردہ بے نظیر مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
سعودی عرب میں قازقستان کی کمپنیاں سرمایہ لگائیں اور سعودی کمپنیاں قازقستان میں ہونے والی اقتصادی تبدیلیوں میں اپنا حصہ ڈالیں۔