Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے قازقستان کے صدر کا رابطہ، کویتی وزیر دفاع مملکت کا دورہ کریں گے

ولی عہد کا مکتوب کویت میں متعین سعودی سفیر نے پیش کیا- (فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایی نے جمعرات کو ٹیلیفون پر رابطہ قائم کیا جب کہ دوسری جانب کویتی وزیر دفاع نے سعودی عرب کے دورے سے متعلق ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت قبول کرلی-
ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایی نے دونوں ملکوں کے  درمیان تعاون کی جہتوں اور مختلف شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا-
علاوہ ازیں علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا-
دریں اثنا شہزادہ محمد بن سلمان نے کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شیخ حمد جابر العلی الصباح کے نام ایک مکتوب بھیجا ہے جس کا تعلق دونوں ملکوں کے گہرے تاریخی  و برادرانہ تعلقات اور برادر عوام کے مضبوط رشتوں اور تمام شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے طریقوں سے ہے- 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق کویتی وزارت دفاع نے شیخ حمد العلی سے سعودی سفیر کی ملاقات کے بعد بیان جاری کرکے کہا کہ سعودی ولی عہد نے وزیر دفاع کو مملکت کے دورے کا دعوت نامہ بھی بھیجا ہے- اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کویتی وزیر دفاع نے دعوت نامے پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے دورے کی دعوت قبول کرلی-
ولی عہد کا مکتوب کویت میں متعین سعودی سفیر شہزادہ سلطان بن سعد نے جمعرات کو وزیر دفاع شیخ حمد جابر العلی الصباح سے ملاقات کرکے پیش کیا- 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: