ابوظبی چیمبر آف کامرس کے ڈائریکٹر کی پاکستانی سفیر سے ملاقات
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: وام)
ابوظبی چیمبر آف کامرس کے ڈائریکٹر جنرل ہلال المیری نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ابوظبی کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق ابوظبی میں ہونے والی اس ملاقات میں المیری نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط معاشی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان ٹریڈ ایکسچینج گہرے رشتے کو ظاہر کرتا ہے۔‘
ابوظبی چیمبر آف کامرس کے ڈائریکٹر جنرل ہلال المیری کا مزید کہنا تھا کہ ’ابوظبی چیمبر آف کامرس پاکستان کے سفارت کاروں کو ابوظبی میں کاروبار کے لیے مدد دینے کے لیے تیار ہے۔‘
اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر افضال محمود نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی رشتے کو مضبوط بنانے پر ابوظبی کے کردار کو سراہا، اور کاروبار سے متعلق تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے یو اے ای کے سفیر کو ان اقدامات سے بھی آگاہ کیا جو پاکستانی حکومت کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے کیے گئے ہیں۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات ایک دیرینہ تعلق میں بندھے ہوئے ہیں۔ 16 لاکھ سے زائد پاکستان متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اور ہر سال چار ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات زر اپنے ملک بھجواتے ہیں۔ یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا کاروباری شراکت دار بھی ہے۔