کاسمیٹکس مصنوعات کے ضوابط کی خلاف ورزی پر 50 لاکھ ریال جرمانہ
’کسی بھی کاسمیٹکس پروڈکس کی ایسی خوبیاں بیان کرنا جو حقیقت کے خلاف ہوں جرم ہے‘ ( فوٹو: عکاظ)
سعودی پبلک پرسیکیوشن نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاسمیٹکس مصنوعات کے ضوابط کی خلاف ورزی پر 50 لاکھ ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ادارے نے کہا ہے کہ ’کسی بھی کاسمیٹکس پروڈکس کی ایسی خوبیاں بیان کرنا جو حقیقت کے خلاف ہوں جرم ہے‘۔
’کاسمیٹکس میں ہر وہ چیز شامل ہے جو انسان اپنے بدن پر یا بدن کے کسی حصے پر، ہونٹوں پر، ناخنوں پر یا صفائی یا خوشبو کے لیے استعمال کرتا ہے جس سے خوبصورتی یا بہتری کا مقصد ہو‘۔
پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ ’کسی بھی ایسی مصنوعات کی تشہیر یا ترویج کے لیے غلط معلومات فراہم کرنا دھوکہ دہی کے زمرے میں آتا ہے‘۔
’غلط معلومات یا ایسی خوبیاں بیان کرنا جو حقیقت میں نہیں ہیں کاسمیٹکس ضوابط کی خلاف ورزی ہے جس پر جرمانے کے علاوہ تجارتی ادارے کا لائسنس منسوخ ہوسکتا ہے‘۔
’خلاف ورزی کی سنگینی کی اعتبار سے 5 سال قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے‘۔
واضح رہے کہ بعض سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ مختلف مصنوعات کی تشہیر کے لیے پروڈکٹ کی ایسی خوبیاں بیان کرتے ہیں جو حقیقت میں نہیں ہوتیں۔