دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کا نام مرنے کے بعد گنیز بک میں شامل
رانی کی موت 19 اگست کو واقع ہو گئی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
بنگلہ دیش کی پستہ قد گائے رانی کو اس کی موت کے بعد دنیا کی سب سے چھوٹے قد کی گائے کے طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گائے کے مالک قاضی محمد نے بتایا ہے کہ انہیں پیر کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے ای میل موصول ہوئی ہے جس میں انہوں نے رانی کی درخواست منظور کرنے کی تصدیق کی ہے۔
بنگلہ دیش میں سب سے چھوٹے قد کی گائے نہ صرف ملک بھر میں بلکہ پوری دنیا میں مشہور ہو گئی تھی۔
رانی کے نام سے جانی جانے والی گائے کا قد صرف 50.8 سینٹی میٹر یعنی 20 انچ تھا۔ گائے کی تصویر منظر عام پر آتے ہی انٹرنیٹ پر اس کی دھوم مچ گئی تھی جبکہ ہزاروں کی تعداد میں افراد نے اسے دیکھنے کے لیے فارم کا رخ کیا تھا۔
رانی بنگلہ دیش کے دارلحکومت ڈھاکہ کے مضافات میں ایک فارم پر رہتی تھی۔
جیسے ہی رانی کے مالک نے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درخواست جمع کروائی تو 19 اگست کو اچانک رانی کی موت واقع ہو گئی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ رانی کو دنیا کی سب سے چھوٹے قد کی گائے قرار دیا گیا ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز منکیام نامی انڈین گائے کو حاصل تھا جس کا قد 61 سینٹی میٹر تھا۔
رانی کے مالک قاضی محمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو گائے کی کئی ویڈیوز بھیجیں، اس کے علاوہ پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی بھیجی گئی تاکہ یہ ثابت ہو سکے کہ رانی کی موت کسی غیر معمولی وجوہات کی بنا پر نہیں واقع ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ گنیز کی جانب سے ہارمون انجیکشن کے استعمال سے متعلق سوالات اٹھانے پر انہوں نے رانی کی میڈیکل رپورٹ بھجوائی ہے۔
قاضی محمد کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کی گائے کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا گیا ہے لیکن رانی کے مرنے کا افسوس بھی ہے۔