شاہ سلمان مرکز پندرہ سکول یمن کے چار صوبوں میں قائم کراچکا ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کےشاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات اور عالمی تنظیم برائے نقل مکانی نے یمن کے صوبے مارب میں الجیل سکول کا افتتاح کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ سکول الجفینہ علاقے میں قائم کیا گیا ہے جو یمن کے ان مقامات میں سے ایک ہے جہاں اہل یمن نقل مکانی کرکے پناہ لیے ہوئے ہیں۔
یہاں 2500 سے زیادہ متاثرہ خاندانوں کے بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔ ان میں الجفینہ کے باشندوں اور مارب شہر کے مغربی علاقے کے باشندوں کے بچوں کو پرائمری اور ثانوی کی تعلیم صبح شام دو شفٹوں میں دینے کا پروگرام ہے۔
سکول 14 ہزار مربع میٹر کے پلاٹ پر تعمیر کیا گیا ہے، اس میں 18 کلاس روم ہیں۔
علاوہ ازیں کیمسٹری اور فزکس کی دو لیباریٹریاں اور کمپیوٹر لیب ہے۔ طلبہ کے لیے پلے گراؤنڈ بھی ہے۔
عالمی تنظیم کی چیئرپرسن کرسٹا روچنچائنر نے کہا کہ اس سکول کی بدولت بچے تعلیم جاری رکھ سکیں گے جو طویل عرصے سے تعلیم سے محروم ہوگئے تھے۔
انہوں نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی طرف سے عالمی تنظیم کے تعاون سے سکول قائم کرنے پر مرکز کا شکریہ ادا کیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز اس طرح کے پندرہ سکول یمن کے چار صوبوں میں قائم کراچکا ہے۔