ایک ماہ میں 36 لاکھ 99 ہزار لیٹر پینے کا صاف پانی مہیا کیا گیا۔(فوٹو عرب نیوز)
آفات اور وبا کو کنٹرول کرنے کے ایمرجنسی سنٹر نے کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کے تعاون سے حجہ گورنریٹ یمن میں مریضوں کے لیے علاج کی خدمات جاری رکھی ہوئی ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گذشتہ ماہ اگست میں اس سنٹر نے 12،156 مریضوں کو طبی خدمات فراہم کی ہیں۔
دریں اثنا کنگ سلمان سنٹر کے موبائل میڈیکل کلینکس نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران یمن کے علاقے حدیدہ میں1،968 مستحقین مریضوں کوعلاج کی سہولیات دی ہیں۔
ان کلینکس میں وبائی امراض، ایمرجنسی ادویات، بچوں کی صحت، غذائیت کی تھراپی، حفاظتی ٹیکے، آگاہی کی تعلیم اور سرجیکل ڈریسنگ سے متعلق مختلف قسم کی خدمات مہیا کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ کنگ سلمان سنٹر نے یمن کے حدیدہ ، حجہ اور صعدہ گورنریٹس میں پانی کی فراہمی اور ماحولیاتی منصوبوں پر عملدرآمد بھی جاری رکھا ہوا ہے۔
ایک ماہ میں 36 لاکھ 99 ہزار لیٹر پینے کا صاف پانی اور 43 لاکھ 31 ہزار لیٹر پانی عام استعمال اور دیگر مقاصد کے لیے تینوں علاقوں کے ٹینکوں میں سپلائی کیا گیا ہے۔
کنگ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے یمن کو سب سے زیادہ امداد فراہم کی جاتی ہے۔ تاحال امدادی مرکز نے مجموعی طور پر یمن میں 3.9 ارب ڈالر سے زائد کی لاگت سے 618 منصوبے نافذ کیے ہیں۔
مرکز کے پروگراموں میں خوراک کی حفاظت، پانی کی صفائی اور حفظان صحت، صحت، تعلیم ، ہنگامی امداد کے منصوبے شامل ہیں۔