Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن سسٹم کے مسائل: ٹیکس گوشوارے جمع کرنے کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع

گوشوارے جمع کرانے کے لیے توسیع کا اعلان بذریعہ سرکلر کیا گیا (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان میں مالی سال 2020.2021 کے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں مزید 15 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق آن لائن ریٹرن فائلنگ سسٹم (آئرس) میں سنگین تکنیکی مسائل کی وجہ سے گواشوارے جمع کرانے کی تاریخ بڑھا کر 15 اکتوبرکر دی گئی ہے۔
ایف بی آر کا یہ سرکلر ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آج 30 ستمبر کی رات 12 بجے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی مدت ختم ہو رہی تھی۔
پاکستان میں ٹیکس جمع کرنے کے ذمہ دار ادارے کی جانب سے حالیہ اعلان سامنے آنے سے قبل مسلسل یہ کہا جا رہا تھا کہ ٹیکس گوشواروں کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
اگر چہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اس کی وجہ ’آن لائن نظام میں تکنیکی مسائل‘ بتائی گئی ہے تاہم ان مسائل کی نوعیت یا ان کے حل ہونے کی مدت کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی ہے۔

شیئر: