Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی کوریا کا اینٹی ایئر کرافٹ میزائل کا ’کامیاب‘ تجربہ، ’عدم استحکام کو بڑھاوا‘

اینٹی ایئر کرافٹ میزائل کے حالیہ تجربے کے بعد عالمی سطح پر شمالی کوریا کے اقدام کی مذمت کی جا رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے نئے اینٹی ایئر کرافٹ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو اس جوہری ہتھیاروں سے لیس ملک کی جانب سے اسلحے کے تجربات میں تازہ ترین (تجربہ) ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے سرکاری کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اینٹی ایئر کرافٹ میزائل کی  لڑنے کی کارکردگی غیرمعمولی ہے اور اس میں دو رڈر سمیت دیگر جدید ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔
سرکاری اخبار روڈونگ سینمن میں جاری کی گئی تصویر میں میزائل کو آسمان پر اوپر کی طرف رخ میں دکھایا گیا ہے۔
ستمبر میں شمالی کوریا نے ایک میزائل لانچ کیا تھا جس کے بارے میں اس کا کہنا تھا کہ یہ طویل رینج والا کروز میزائل ہے جبکہ رواں ہفتے کے اوائل میں اس نے ہائپرسانک گلیڈنگ وہیکل کا تجربہ کیا تھا۔
بدھ کو شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ نے واشنگٹن کی طرف سے دہرائی جانے والی بات چیت کی پیشکش کو یہ کہہ کر ٹھکرا دیا تھا کہ یہ ’اوچھے ہتھکنڈے‘ ہیں۔ انہوں نے بائیڈن انتظامیہ پر ’دشمن پالیسی‘ جاری رکھنے کا الزام عائد کیا تھا۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ فوری طور پر تازہ ترین میزائل لانچ کے بارے میں تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔
اینٹی ایئر کرافٹ میزائل بیلسٹک میزائلوں سے قدرے چھوٹے ہوتے ہیں جنہیں تیار کرنے پر شمالی کوریا پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداوں کے تحت پابندی عائد ہے۔
شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے ہتھیاروں کے پروگرام پر مختلف بین الاقوامی پابندیاں عائد ہیں، ہتھیاروں کی اس دوڑ میں کم کی قیادت میں تیزی دیکھی گئی ہے۔
حالیہ تجربے کے بعد عالمی سطح پر شمالی کوریا کے اقدام کی مذمت کی جا رہی ہے، امریکی وزیر خارجہ اینونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ’اس نے عدم استحکام اور عدم تحفظ کے امکانات کو بڑھا دیا ہے۔‘
امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے شمالی کوریا کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کا اجلاس جمعے کو طلب کیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ اجلاس جمعرات کو منعقد ہونا تھا تاہم روس اور چین کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی جنہوں نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وقت مانگا تھا۔

شیئر: