Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیلتھ اور سفری انشورنس میں کیا فرق، فوائد کیا ہیں؟

ہیلتھ اور سفری انشورنس کی خصوصیات اور شرائط میں فرق ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے سفری اور ہیلتھ انشورنس سکیم  میں اہم فرق اور فوائد کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ  کے مطابق ساما کا کہنا ہے کہ اندرون ملک ہیلتھ انشورنس اور سفری انشورنس کی خصوصیات، شرائط اور ضوابط میں کئی اہم فرق ہیں۔
اندرون ملک ہیلتھ انشورنس کرانے والے کو مملکت کے اندر میڈیکل اخراجات سے چھٹکارے کے ساتھ سفری انشورنس سکیم کی بدولت سفر کے دوران پیش آنے والے خطرات کی کوریج حاصل ہوگی۔
ساما نے سفری انشورنس کے فوائد کے حوالے سے کہا کہ ’چھٹی گزارنے کے دوران یا اس سے قبل ہنگامی صورتحال پیش آ جانے پر پرواز کی منسوخی یا پرواز منقطع ہونے پر جو اخراجات آئیں گے وہ سفری انشورنس کمپنی ادا کرے گی‘۔
’پرواز کی منسوخی یا انقطاع سے ہونے والے نقصان کا معاوضہ بھی کمپنی ادا کرے گی تاہم معاوضہ کتنا اور کیسا ہوگا اس کا فیصلہ انشورنس سکیم کی شرائط اور ضوابط کے مطابق کیا جائے گا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’سفر کے دوران انسان حادثات سے دوچار یا بیماری میں مبتلا ہو جاتا ہے اس کے امکانات سفر میں بڑھ جاتے ہیں۔ سفری انشورنس کرانے والےکو اس کا فائدہ ہوگا‘۔ 
سفر کے دوران ایئرپورٹ یا ٹرانسپورٹ وسائل یا ہوٹل یا رہائش فراہم کرنے والے ادارے کے یہاں سامان گم ہو جانے یا چوری ہو جانے یا تلف ہو جانے پر کمپنی معاوضہ دے گی۔ ان حالات میں سفری انشورنس کرانے والے مالیاتی اور ذہنی بوجھ برداشت کرنے سے بچ جائے گا۔ 
سفری انشورنس سکیم جاری کرنے والی کمپنی حادثات سے ہونے والا نقصان بھی پورا کرے گی۔ سفر کے دوران موت کی صورت میں پیدا ہونے والے مسائل حل کرے گی۔ تھرڈ پارٹی کو نقصان پہنچنے پر نقصان کی تلافی کرے گی۔ 
ساما کے مطابق سفر کے دوران نجی حادثات پر قانونی سروس کے اخراجات کمپنی ادا کرے گی۔ متعلقہ ملک کی زبان نہ جاننے کی صورت میں پیدا ہونے والے مسائل سے بھی تحفظ فراہم کرے گی۔ 

شیئر: