عمرہ یا وزٹ پر آنے والے انشورنس میں’ کورونا ‘کا اضافہ کرائیں
عمرہ یا وزٹ پر آنے والے انشورنس میں’ کورونا ‘کا اضافہ کرائیں
جمعہ 28 مئی 2021 14:12
زائرین کی سہولت کےلیے کورونا کا اضافہ کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
بیمہ کمپنیوں کے ترجمان ’عادل العیسی‘ کا کہنا ہے کہ سیاحت اورزیارت ویزے پر آنے والوں کی بیمہ پالیسی میں ’کورونا‘ کے علاج کے لیے 12 انشورنس کمپنیوں نے اپنی خدمات پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سیاحت اورزیارت کے ویزے پرآنے والوں کی میڈیکل انشورنس میں کورونا کے علاج کو بھی شامل کیاگیا ہے تاکہ بیمہ پالیسی ہولڈرکو مذکورہ مرض کے علاج معالجے کی بھی سہولت حاصل ہو۔
ویب نیوز ’اخبار24 ‘ کے مطابق سعودی مرکزی بینک ’ساما‘ کی جانب سے سیاحتی و زیارتی ویزوں پر آنے والوں کو بہتر انداز میں خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے لازمی طبی انشورنس پالیسی میں کورونا کے علاج کو بھی شامل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
انشورنس کمپنیوں کے مرکزی ترجمان ’العیسی ‘ نے مزید کہا کہ سیاحتی وزیارتی ویزوں کے حامل افراد جنہوں نے لازمی بیمہ اسکیم کے تحت پالیسی حاصل کی ہوئی ہے کو چاہئے کہ وہ اپنی بیمہ کمپنی سے رابطہ کرکے پالیسی میں کورونا علاج کا اندراج لازمی کرالیں ۔
وہ زائرین یا سیاح بھی لازمی پالیسی کے ضمن میں کورونا علاج کے حق دار ہوں گے جنہوں نے کورونا کے اضافے کے قانون سے قبل پالیسی لی تھی (ان کمپنیوں کے پالیسی ہولڈر جو انشورنس کونسل میں کورونا کے علاج کی سہولت فراہم کرنے کے قانون پرراضی ہیں ایسی کمپنیوں کی تعداد 12 ہے جس کی فہرست کونسل کی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہے) اور پالیسی کی ایکسپائری میں وقت باقی ہو یا ایسے افراد جو نئی پالیسی خریدیں گے انہیں چاہئے کہ وہ بیمہ کمپنی سے پالیسی خریدتے وقت ’کورونا‘ علاج کی شق لازمی طورپر درج کرائیں۔
واضح رہے سعودی مرکزی بینک اور میڈیکل انشورنس کونسل کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بیرون مملکت سے سیاحت، عمرہ اور زیارت ویزوں پر آنے والوں کی بیمہ پالیسی میں کورونا کے مرض کو بھی شامل کیاجائے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں