Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی نائب وزیر خارجہ کی پاکستان آمد،بلوچستان میں زلزلے پر افسوس

امریکی نائب وزیر خارجہ نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے پر اظہار افسوس کیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔
وینڈی شرمن اپنے وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے پر جمعرات کی رات ندورہ انڈیا مکمل کرکے اسلام آباد پہنچیں جہاں دفتر خارجہ کے اعلٰی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
اس سے قبل جمعرات کو ہی پاکستان آمد سے قبل امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
وینڈی شرمن نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’جنوب مغربی پاکستان میں آنے والے شدید زلزلے کے بارے میں جان کر دکھ ہوا۔ میں آج رات اسلام آباد کے لیے روانہ ہو رہی ہوں، اپنے ساتھ امریکی عوام کی جانب سے پاکستانی عوام کے لیے مخلصانہ تعزیتی پیغامات لے کر جا رہی ہوں۔‘
افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے کے بعد کسی بھی اہم امریکی حکومتی شخصیت کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، سبی، ہرنائی، زیارت، پشین سمیت کئی علاقوں میں زلزلے کے باعث متعدد مکانات منہدم ہونے سے 20 افراد ہلاک جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بدھ کی شب تین بجے آنے والے زلزلے کے نتیجے میں مکانات منہدم ہو گئے اور متعدد افراد بھی ملبے تلے دب گئے تھے۔
زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی تھی۔ زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے تقریباً 180 کلومیٹر دور ہرنائی کا علاقہ تھا۔
وزیراعظم عمران خان نے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں سے تعزیت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’میں نے ہرنائی بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی فوری مدد اور نقصانات کے ازالے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔‘

شیئر: