Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویڈیو : سفارتخانہ پاکستان ریاض میں پرچم کشائی

ریاض(ذکاءاللہ محسن) 23 مارچ یوم پاکستان کی رنگا رنگ تقریب سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے قائم مقام سفیر حسن وزیر کے ہمراہ پرچم کشی کی۔ اس موقعہ پر تینوں مسلح افواج کے جوانوں اور پاکستانی کیمونٹی کے افراد بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔قومی ترانے کی دھن میں سبز ہلالی پرچم جب فضا میں لہرایا تو حاضرین کے چہرے خوشی سے چمک اٹھے۔ ایمبیسی کے ہال میں مہمان خصوصی سید طارق فاطمی نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے۔ اس دن کو ہمارے آباو اجداد نے اپنا ایک الگ وطن بنانے کی قراداد منظور کی اور پھر انتہائی قلیل مدت میں پاکستان وجود میں آ گیا ۔ یہ تبھی ممکن ہوا جب برصغیر پا و ہند کے تمام مسلمان ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہوئے۔ آج بھی ہمیں قائد اعظم کا پاکستان بنانے کے لئے اسی جوش و جذبے کی ضرورت ہے۔ ہمیں ملکر ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کرنا ہے جس میں عام آدمی کا معیار زندگی بہتر ہوسکے۔ آج کے دور میں پاکستان نے بے پناہ ترقی کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا وژن ہی یہی ہے کہ پاکستان کو معاشی اور دفاعی لحاظ سے مظبوط بنا دیا جائے تاکہ ہماری موجودہ اور آئندہ نسلوں کا مستقبل تابناک ہو سکے۔ موجودہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی جانب روادواں ہے اور بجلی کے بڑے پروجیکٹ مکمل ہونے سے ملک کے اندھرے ختم ہو جائیں گے۔ 2022 تک ہمارے پاس اضافی بجلی بھی موجود ہوگی ۔ ضرب عضب کی بدولت آج پاکستان میں امن قائم ہوا ہے۔ہمارے فوجی جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کو محفوظ بنایا ہے۔ پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہی نہیں بلکہ ایک ایسا دوست بھی ہے جس نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان بھی مشکل وقت میں سعودی عرب کا ساتھ دیتا رہے گا ۔اورسیز پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں جو ہمیشہ ملک کی بہتری کے لئے کام کرتے رہتے ہیں۔یہاں رہ کر سعودی عرب کے قوانین کا احترام کرنا ہمارا فرض ہے۔ کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے ملک کی بدنامی ہو۔ اس سے قبل ہیڈ آف قونصلر شاہ فیصل کاکڑ نے صدر پاکستان ممنون حسین کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا کہ 23 مارچ کا دن تجدید عہد کا دن ہے جس میں پاکستانی قوم مساوات اور عدل کے زریں اصولوں کی روشنی میں وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کا عزم نو کرتی ہے۔ ایمبیسی کے امور کے انچارج اور سکینڈ سیکرٹری شاہد محمود نے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کا پیغام پڑھا جس میں کہا گیا تھا کہ 23 مارچ ہماری ملی تاریخ کا ایک نا قابل فراموش دن ہے۔ آج اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کے عوام کو ایک بار پھر اپنی کھوئی ہوئی منزل کا سراغ مل گیا ہے ۔ ہیڈ آف قونصلر سردار خٹک نے نظامت کے امور کو انجام دیا۔ تقریب کے آخر میں یوم پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں شامل تمام افراد کو مختلف تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ 
 
 
 
 

کمیونٹی کی مزید خبروں کے لئے ٹیگز دبائیں

 
 

شیئر: