فوج کی جانب سے ایندھن ملنے کے بعد لبنان کی بجلی بحال
اتوار 10 اکتوبر 2021 18:25
لبنان نے حالیہ مہینوں میں ایندھن کے لیے کافی مقدار میں تیل درآمد کرنے کی کوشش کی ہے۔(فوٹو: اے ایف پی)
لبنان کے بجلی گرڈ سٹیشن فوج کی جانب سے ایندھن کی فراہمی کے بعد اتوار کو دوبارہ آپریشنل ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک وزیر نے کہا ہے کہ تقریباً ایک دن دورانیے کا بلیک آؤٹ ختم ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ دیر عمار اور زہرانی کے پاور پلانٹس ہفتہ کو رک گئے تھے جس کی وجہ سے ریاستی بجلی کا نیٹ ورک رواں ماہ میں دوسری مرتبہ مکمل طور پر ٹوٹ گیا تھا۔
لبنان معاشی بدحالی کا مقابلہ کر رہا ہے اور حالیہ مہینوں میں بجلی کی پیداوار کے لیے اس نے کافی مقدار میں ایندھن کا تیل درآمد کرنے کی کوشش کی ہے۔
دوسری جانب زیادہ تر لبنانیوں نے ہفتے کے روز اپنی روزمرہ زندگی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں دیکھی کیونکہ ریاست مہینوں سے بمشکل ایک سے دو گھنٹے ہی بجلی مہیا کر رہی ہے۔
وزیر توانائی ولید فیاد نے اتوار کو کہا ہے کہ اب گرڈ سٹیشن دوبارہ سے چل رہا ہے۔
’بجلی کا نیٹ ورک معمول پر آ گیا ہے۔‘
انہوں نے 6000 کلو لیٹر گیس حوالے کرنے پر فوج کا شکریہ ادا کیا۔
لبنان نے 1975 سے 1990 کے دوران کی خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد سے ملک بھر میں بجلی کی کمی دیکھی ہے لیکن معاشی بحران نے حالات کو انتہائی خراب کر دیا ہے۔
بین الاقوامی برادری طویل عرصے سے لبنان کے خسارے میں چلنے والے بجلی کے شعبے کی مکمل بحالی کا مطالبہ کر رہی ہے جس کی وجہ سے حکومت کو 1990 کی دہائی کے اوائل سے اب تک 40 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔