Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنانی گلوکار حبا تواجی کے کنسرٹ سے العلا میں تقریبات کا آغاز

العلا میں یہ حبا تواجی کی یہ پہلی پرفارمنس ہوگی (فائل فوٹو: عرب نیوز)
لبنان کی معروف گلوکارہ حبا تواجی العلا شہر کے مرایا کنسرٹ ہال میں 29 اکتوبر کو براہ راست پرفارم کریں گی۔
یہ شو سعودی شہر میں موسیقی اور عوامی تقریبات کی واپسی کی عکاسی کرے گا، جو کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے تقریباً بند ہوگئی تھیں۔
عرب نیوز کے مطابق حبا تواجی گلوگارہ ہونے کے ساتھ ساتھ اداکارہ اور ہدایت کار بھی ہیں اور ان کا کیریئر 14 برسوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے دنیا بھر میں معروف مقامات پر پرفارم کیا ہے اور ان کے مداح صرف مشرق وسطٰی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔
سال 2017 میں انہوں نے سعودی عرب میں پہلی گلوکارہ کی حیثیت سے پرفارم کیا تھا تاکہ مملکت میں لائیو موسیقی کو واپس لایا جا سکے۔
العلا میں حبا تواجی پہلی مرتبہ پرفارم کریں گی
ایک بیان میں حبا تواجی کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ سے العلا میں پرفارم کرنا چاہتی تھی، وہ جگہ جس کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت ہے۔‘
بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’مرایا میں گانا ایک اعزاز کی بات ہے۔ ہمیں اس پرفارمنس کے بارے میں احتیاط سے سوچنا پڑا تاکہ اس جگہ کے ساتھ انصاف کیا جاسکے۔ یہ ایک خاص تقریب ہوگی۔‘
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث عائد کی گئی پابندیاں آہستہ آہستہ ختم کی جارہی ہیں۔ اس وجہ سے کنسرٹ اور آرٹ نمائشوں سمیت لائیو تقریبات العلا میں واپسی کی طرف گامزن ہیں۔


حبا تواجی کا کنسرٹ مرایا ہال میں ہونے والی تقریبات کے سلسلے کی پہلی پرفارمنس ہوگی (فائل فوٹو: عرب نیوز)

آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں اس تاریخی شہر میں ثقافتی تقریبات ہوں گی۔
مرایا میوزک ہال میں اس سے پہلے امریکی گلوکار لائنل رچی اور فارسی گلوکاروں کے ایک گروپ نے مارچ 2020 میں پرفارم کیا تھا۔
حبا تواجی کا کنسرٹ مرایا ہال میں ہونے والی تقریبات کے سلسلے کی پہلی پرفارمنس ہوگی۔
حبا تواجی کے کنسرٹ میں شرکت کرنے والوں کے لیے کورونا وائرس کا ٹیسٹ لازمی نہیں ہوگا، تاہم تمام احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں گی۔

شیئر: