Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض بک فیئر: العلا سے متعلق 70 کلو گرام وزنی کتاب میں شائقین کی دلچسپی

کتاب میں بہترتین تصاویر پیش کی گئی ہیں- (فوٹو العربیہ)
ریاض میں بین الاقوامی بک فیئر کے وزیٹرز العلا سے متعلق سب سے بھاری بھر کم کتاب دیکھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس کا وزن 70 کلو گرام ہے جسے فرانس کے پبلشنگ ہاؤس (اسولین) نے اپنے سٹال پر سجایا گیا ہے۔ فرانس کا اسولین ہاؤس پہلی بار سعودی عرب کے کسی بک فیئر میں شریک ہوا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق العلا سے متعلق کتاب میں تصاویر کا انتخاب پیش کیا گیا ہے۔ انٹرنیشنل فوٹو گرافر رابرٹ بولیڈوری نے یہ حیران کن تصاویر لی تھیں۔
فرانس پبلشنگ ہاؤس اسولین کے انچارج نے بتایا کہ کتاب کی تیاری میں دو برس سے زیادہ  لگے۔ یہ کتاب العلا رائل کمیشن کے تعاون سے شائع کی گئی ہے۔ کتاب کا موضوع العلا کے دلکش قدرتی عجائبات اور قدیم گتھیوں سے بھرا لازوال سفر ہے۔

کتاب دو سائز میں تیار کی گئی ہے- (فوٹو العربیہ)

کتاب دو سائز میں تیار کی گئی ہے۔ بڑا سائز سیاہ اور نیلے رنگ کا ہے جبکہ دوسری جلد چھوٹے سائز کی ہے اس کا رنگ نیلا اور بیج ہے۔ 
کتاب میں العلا کے حیران کن انسانی نقوش اور قدرتی عجائبات پر مشتمل تمدنی تجربے کو اجاگر کیا گیا ہے۔ العلا پوری دنیا میں بڑے  کھلے عجائب گھر کی حیثیت رکھتا ہے۔ 
کتاب میں انٹرنیشنل فوٹو گرافر رابرٹ بولیڈوری کی بہترین تصاویر پیش کی گئی ہیں جبکہ اگنسی مونریال آرٹسٹ کے فن پارے بھی کتاب کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ 
کتاب کا ہر صفحہ العلا کی قدیم سحر آفریں دنیا میں لے جاتا ہے۔ ہزاروں برس پر محیط مختلف تمدنوں کی تشکیل میں اچھوتے فن پاروں سے متعارف کراتا ہے۔ یہاں آباد لوگ طویل عرصے تک منفرد شکل و صورت کے پہاڑوں اور غیر معمولی قدرتی ماحول میں آباد رہے۔ انہوں نے اپنے  پیچھے اپنی زبانوں، اپنی تہذیبوں اور اپنی طرز معاشرت کے لازوال نقوش چھوڑے ۔
کتاب حجر کے علاقے میں دیوہیکل قبرستانوں کی تصاویراور نقوش پر مشتمل ہے۔ علاوہ ازیں جبل الفیل چٹان جیسے دیوہیکل پتھروں کی تصاویر سے بھی سجی ہوئی ہے۔ یہ وہ پتھر ہیں جو موسمی حالات کے اثرات سے سنگ تراشی کے خوبصورت نمونے پیش کررہے ہیں۔ کتاب میں ہزاروں برس کے دوران خطے میں جانوروں کے ماحول کو منعکس کرنے والے چٹان آرٹ کی شکلیں بھی دی گئی ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: