Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صحن مطاف صرف عمرہ زائرین کےلیے مخصوص

12 برس سے کم عمر بچوں پر حرمین جانے کی پابندی برقرار ہے (فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ امورحرمین شریفین کے ترجمان ھانی حسنی حیدر کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں صحن مطاف صرف عمرہ زائرین کے لیے ہی مخصوص ہے ـ
عاجل نیوز کے مطابق ترجمان امور حرمین نے کورونا ضوابط کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا نمازوں کی ادائیگی کے لیے مسجد الحرام کا بالائی اور دیگر حصہ کھلا ہے جہاں سنت اور نوافل ادا کیے جاسکتے ہیں ـ
کم عمر بچوں کے حوالے سے سوال پر ترجمان امورحرمین کا کہنا تھا کہ تاحال 12 برس سے کم عمر بچوں کا حرم مکی الشریف میں داخلہ منع ہے تاہم امید ہے کہ مستقبل قریب میں اس پربھی عمل درآمد کردیا جائے گاـ

حرمین میں سماجی فاصلے کی پابندی کے خاتمے کے بعد نمازیوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا (فوٹو، ٹوئٹر)

ترجمان امورحرمین نے اس امرکی یقین دہانی کرائی کہ عمرہ کی ادائیگی کے علاوہ مسجد الحرام میں نمازباجماعت اور روضہ رسول ﷺ پرحاضری کے لیے اعتمرنا یا توکلنا ایپ کے ذریعے پرمٹ کی پابندی برقرار ہے اس پرعمل کیاجائے تاہم عمرہ اورحرمین میں حاضری کےلیے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا بنیادی شرط ہے وہ افراد جنہوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لگوائی انہیں حرمین شریفین میں حاضری کا پرمٹ جاری نہیں کیاجاتا ـ
واضح رہے اتوار 17 اکتوبر سے حرمین شریفین میں کورونا ضوابط میں نرمی کرتے ہوئے سماجی فاصلے کی پابندی کا خاتمہ کردیا گیا ہے جس کے بعد صفوں میں نمازیوں کے درمیان فاصلہ کی پابندی ختم ہونے سے حرمین میں آنے والوں کی گنجائش میں بھی اضافہ کردیا گیاـ
ضوابط میں نرمی کے ساتھ ہی حرمین شریفین میں مکمل گنجائش کےساتھ نمازیوں اور زائرین کو پرمٹ جاری کیے جارہے ہیں ـ عمرہ پرمٹ کے لیے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا بنیادی شرط ہے اس سے وہ افراد بھی مستثنی نہیں جوکورونا سے صحتیاب ہو چکے ہیں ـ

شیئر: