’ایفا‘ پورٹل سے ٹریفک چالان میں 20 فیصد رعایت کی ’افواہ‘
اتوار 17 اکتوبر 2021 23:53
چالان کی رقم میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جارہی- (فوٹو اخبار 24)
ٹریفک چالان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے قائم کیے جانے والے پورٹل ’ایفا‘ کی جانب سے چالان میں 20 فیصد رعایت دینے کی خبر کی تردید کی گئی ہے-
عربی روزنامہ ’عکاظ‘ نے ’ایفا‘ پورٹل کے ٹوئٹر پر جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ پورٹل کی جانب سے ٹریفک پولیس کی خلاف ورزیوں پر چالان کی رقم میں 20 فیصد رعایت دیئے جانے کی باتیں بے بنیاد ہیں جنہیں پورٹل سے منسوب کیا گیا ہے-
ایک شخص نے ’ایفا‘ پورٹل پر سوال کیا تھا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر’ایفا‘ کے حوالے سے خبر وائرل ہورہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک چالان میں 20 فیصد رعایت دی جارہی ہے-
استفسار پر ایفا پورٹل کی انتظامیہ نے اسے افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی خبر پورٹل پر جاری نہیں ہوئی نہ ہی چالان کی رقم میں کسی قسم کی رعایت دینا پورٹل کے دائرہ اختیار میں شامل ہے-
واضح رہے ’ایفا‘ کے عنوان سے قومی پورٹل لانچ کیا گیا ہے جو قومی مرکز برائے معلومات اور مصنوعی ذہانت کی اتھارٹی کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے-
پورٹل کا مقصد لوگوں کو ٹریفک چالانز اور ان کے بارے میں مکمل معلومات مہیا کرنا ہےـ ایفا پورٹل سے سعودی شہری، مقیم غیر ملکی اور وزٹرز کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں ہونے والے چالان کے بارے میں مصدقہ معلومات حاصل کرسکتے ہیں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں