مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی برقرار رہے گی: وزارت اسلامی امور
منگل 19 اکتوبر 2021 20:28
مساجد میں ہرطبقہ عمر کے افراد کی آمدورفت رہتی ہے( فائل فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ ’مساجد میں صفوں کے درمیان فاصلے کا اصول برقرار رکھا جائے‘۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے بعض ضوابط میں نرمی کے بعد حرمین شریفین میں سماجی فاصلے کا اصول ختم کردیا گیا ہے۔
سبق نیوز نے وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ’ادارہ امور صحت کی کمیٹی ’وقایہ‘ کی سفارشات پرعمل کرتے ہوئے مملکت کی مساجد میں نماز باجماعت کے دوران سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کوبرقرار رکھا ہے جس کے مطابق تمام مساجد کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں‘۔
وزارت اسلامی امور کا مزید کہنا تھا کہ ’کورونا ایس اوپیز کے حوالے سے جمعے کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کھلے مقامات پر ماسک کی پابندی ختم کردی گئی ہے‘۔
’وقایہ ‘ کی سفارشات میں کہا گیا تھا کہ مساجد میں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل درآمد کیا جائے کیونکہ مساجد میں ہرطبقہ عمر کے افراد کی آمدورفت رہتی ہے جبکہ وہاں آنے والوں کا توکلنا اسٹیٹس بھی چیک کرنا ممکن نہیں ہوتا۔