مملکت کی تمام مساجد میں تحفیظ القرآن کریم کے حلقے بحال
انتظامیہ کو کورونا سے بچاو کےلیے ضوابط پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے مملکت کی تمام مساجد میں تحفیظ القرآن کریم کے حلقوں کو بحال کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں۔
ویب نیوز سبق کے مطابق وزیر اسلامی امور کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا کہ مساجد میں تحفیظ القران کریم کے حلقے بحال کیے جارہے ہیں تاہم اس کےلیے لازمی ہے کہ انتظامیہ کورونا سے بچاو کےلیے مقررہ ضوابط پر عمل کریں۔
طلبا و طالبات کے لیے مساجد میں تحفیظ قرآن کریم کے حلقوں میں وہی شرکت کرسکیں گے جنہوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہوئی ہوں۔
احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ تحفیظ کے حلقوں میں سماجی فاصلے کے اصول کی پابندی کی جائے جبکہ ماسک کا استعمال بھی لازمی ہے۔
واضح رہے مارچ 2020 کے بعد جب کورونا وائرس کی وبا مملکت میں پھیلنی شروع ہوئی تھی۔ درس قرآن کریم کے حلقے بھی عارضی طورپربند کردیئے گئے تھے جو تقریبا 20 ماہ بعد بحال ہو رہے ہیں۔