بلوچستان اسمبلی میں وزیراعلیٰ جام کمال خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کر دی گئی۔ 65 رکنی ایوان میں 33 ارکان نے کھڑے ہو کر قرارداد پیش کرنے کی اجازت دینے کے حق میں ووٹ دیا۔
بلوچستان اسمبلی کے قواعدوانضباط کار 1974 کے مطابق قرارداد پر تین دن کے بعد اور سات دن سے پہلے ووٹنگ کرائی جاتی ہے۔
سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ’عدم اعتماد کی قرارداد پر 25 اکتوبر بروز پیر صبح 11 بجے رائے شماری ہوگی۔‘
مزید پڑھیں
-
بلوچستان کابینہ کے پانچ ’ناراض‘ ارکان مستعفیNode ID: 606926
-
بلوچستان میں سیاسی ہلچل، صوبے میں کیا ہو رہا ہے؟Node ID: 608616
اس سے قبل بدھ کے روز وزیراعلیٰ جام کمال خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض گروپ کے رہنما سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے بدھ کے روز پیش کی۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین، بی این پی اور اپوزیشن کی جماعتوں جمعیت علمائے اسلام اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے ارکان نے کھڑے ہو کر قرارداد پیش کرنے کی اجازت دینے کے حق میں ووٹ دیا۔
جام کمال کی اتحادی جماعت اے این پی کے انجینئر زمرک اچکزئی نے اعتراض اٹھایا کہ بلوچستان اسمبلی کے قواعدوانضباط کار کے مطابق جن محرکین نے قرارداد پیش کی ہے، ان کا اسمبلی میں پیش ہو کر قرارداد کے حق میں سامنے آنا ضروری ہے تاہم سپیکر عبدالقدوس بزنجو نے ان کا اعتراض مسترد کیا اور کہا کہ قواعد و انضباط کار 1974 کی شق 19کے تحت قرارداد پیش کرنے کے لیے صرف ایک محرک بھی کافی ہے۔ قرارداد پیش کرنے کے لیے 20 فیصد ارکان کی اجازت ضروری ہوتی ہے۔
قرارداد پیش کرنے کے بعد سردار عبدالرحمان کھیتران نے دعویٰ کیا کہ ہمارے پانچ ارکان اسمبلی لاپتا ہیں، زور زبردستی اقتدار نہیں کیا جا سکتا، لاپتا ارکان کو فوری بازیاب کرایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اصولاً فیصلہ ہو گیا ہے، ایوان کا ایک شخص پر اعتماد اٹھ گیا ہے، اب جام کمال کو فوری پیچھے ہٹ جانا چاہیے۔ اس میں ان کی بھی عزت ہے اور ہماری بھی عزت ہے۔
Need your prayers,
not feeling well ,in Islamabad for treatment— Bushra Rind (@RindBushra) October 20, 2021
اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈووکیٹ نے بھی عبدالرحمان کھیتران کے دعوے کی تائید کی کہ پانچ ارکان اسمبلی لاپتا اور زیر حراست ہیں، انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے ورنہ سخت احتجاج کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسمبلی اجلاس سے غیر حاضر رکن بشریٰ رند نے بدھ کے روز ہی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور وہ علاج کے لیے اسلام آباد میں ہیں۔‘
اسمبلی اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب لاپتا قرار دیے گئے ارکان میں سے ایک لالہ رشید اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے۔ اس پر انجینئر زمرک اچکزئی نے کہا کہ ارکان کو لاپتا کرانے کا الزام لگانے والے اب کیا کہیں گے؟ ان کا الزام غلط ثابت ہو گیا۔
اسمبلی اجلاس سے قبل ناراض گروپ اور اپوزیشن رہنماؤں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں 42 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے نور محمد دمڑ اور بی این پی عوامی کے منحرف رکن سید احسان شاہ نے بھی ناراض گروپ کی حمایت کا اعلان کیا۔
اسمبلی اجلاس سے قبل وزیراعلٰی جام کمال خان نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم پر امید ہے ان شاء اللہ جیت ہماری ہو گی۔‘ ان کا کہنا ہے کہ ’کھانے کی دعوتوں میں شرکت علیحدہ بات ہے، اصل صورت حال عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ کے دن سامنے آئے گی۔‘
قرارداد کا متن
