پہلےمرحلہ میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سےملاقات کریں گی۔(فوٹو عرب نیوز)
برطانیہ کی وزیر خارجہ لز ٹروس بدھ کے روز سے خلیجی خطے کے دورے کا آغاز کر رہی ہیں۔ اس دورے کا بنیادی مقصد اقتصادی اور سکیورٹی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم خلیجی خطے کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری تعلق جوڑنا چاہتے ہیں جو کہ ہمارے لیے انٹیلی جینس شیئرنگ ، ڈویلپمنٹ، سکیورٹی اور ڈیفنس جیسے مسائل پر تعاون میں انتہائی اہم ہے۔
برطانوی دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ دورے کے پہلے مرحلہ میں وہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کریں گی۔
ملاقات میں علاقائی سلامتی، ترقی ، انسانی حقوق اور انسداد دہشت گردی پر قریبی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی روابط پر بہتر حکمت عملی تیار کی جا سکے۔
دفتر خارجہ نے مزید بتایا ہےکہ برطانوی وزیر خارجہ قطر کے دورے پر بھی جائیں گی جہاں وہ امیر قطر شیخ تمیم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن سے ملاقات کریں گی جبکہ افغانستان اور وہاں کی علاقائی سلامتی کے سلسلے میں تعاون پر تبادلہ خیال کریں گی۔
وہ حالیہ ہفتوں میں افغانستان چھوڑنے والے افراد کو مہیا کی گئی قیام گاہوں کا بھی دورہ کریں گی۔
مزید اطلاعات کے مطابق وہ یوکے اور قطر کےسٹریٹجک ڈائیلاگ کا بھی آغاز کریں گی جو کہ سیکیورٹی، ترقی ، تجارت اور سرمایہ کاری پر گہرے دوطرفہ تعاون کی بنیاد ہوگی۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں