Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی طرف سے افغانستان میں حملے کی مذمت

مسجد میں خودکش دھماکے میں 37 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ( فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب نے جنوبی افغانستان میں ایک مسجد کو دہشت گرد حملے میں نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کا  ہسپتال اور عینی شاہدین کے حوالے سے کہنا  ہے کہ جنوبی شہر قندھار کی ایک مسجد میں خودکش دھماکے میں 37 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ 
 ایک عینی شاہد نے اے پی کو بتایا کہ چار خودکش حملہ آوروں نے مسجد پر حملہ کیا۔ ان میں سے دو نے سکیورٹی گیٹ پر اپنے آپ کو اڑا دیا جس کے بعد دوسرے دو مسجد میں داخل ہونے اور نمازیوں کو نشانہ بنانے میں کاماب ہوگئے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مملکت کی طرف سے افغانستان میں جلد از جلد استحکام کی امید ظاہر کی اور افغان عوام کی حمایت پر زور دیا۔
بیان میں مملکت کی طرف سے ایسی مجرمانہ کارروائیوں کو مسترد کرنے کا بھی اعادہ کیا گیا جو تمام مذہبی اصولوں، اخلاقیات اور انسانی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ جمعے کو شمالی افغانستان کے شہر قندوز کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ 

شیئر: