پارکنگ خلاف ورزیوں پر ایک دن میں 3 ہزار سے زائد چالان
پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ ہے- (فوٹو عرب نیوز)
ڈائریکٹریٹ جنرل آف ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں ایک دن میں پارکنگ قوانین کی خلاف ورزیوں پر 3 ہزار 240 چالان کیے گئے-
سبق نیوز کے مطابق ادارہ ٹریفک پولیس کے ٹوئٹر پر اطلاع دی گئی ہے کہ ادارے کی جانب سے مملکت کے تمام علاقوں میں پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کیے جارہے ہیں-
ادارے کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق ایک روز میں مملکت کے مختلف علاقوں میں مخصوص افراد کے لیے مختص کی گئی پارکنگ کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 240 کار مالکان کے چالان کیے جاچکے ہیں جبکہ پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے مہم جاری ہے-
ٹریفک ہولیس کا مزید کہنا تھا کہ قانون کے مطابق سرکاری و نجی اداروں کے علاوہ مارکیٹوں، سپراسٹورز اور تفریحی و عوامی مقامات پر مخصوص افراد کے لیے پارکنگ لاٹس مخصوص ہیں جہاں عام افراد کا گاڑی پارک کرنا منع ہے-
مخصوص افراد کی گاڑیوں کے لیے ادارہ ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی اجازت نامے جاری کیے جاتے ہیں جو باقاعدہ متعلقہ ادارے کی جانب سے جاری ہونے والے طبی سرٹیفکیٹ کے بعد ادارہ ٹریفک پولیس جاری کرتا ہے-
مذکورہ اجازت ناموں کے بغیر مخصوص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنا خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے جس پر ٹریفک اہلکار فوری طور پر چالان کرتے ہیں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں