خود کار سسٹم کے تحت خالی جگہ پر گاڑی پوزیشن سنبھال لیتی ہے۔ فائل فوٹو
مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے قریب کار پارکنگ ایک بڑا مسئلہ رہا ہے۔ تاہم حالیہ دنوں میں قائم کی جانے والی سمارٹ پارکنگ کی بدولت زائرین کو اس حوالے سے سہولت ملی ہے۔
عریبین بزنس ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام کے قریب مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی اسمارٹ پارکنگ میں ایک گھنٹہ کار پار ک کرنے کے چارجز5 ریال او رپھر 4 گھنٹے تک کے چارجز 15 ریال مختص کئے گئے ہیں۔
سعودی عرب کے مختلف شہروں میں آباد مقامی باشندوں اور مقیم غیرملکیوں کی بڑی تعداد ابھی تک سمارٹ پارکنگ کی موجودگی اور اس میں کار پارک کرنے کے چارجز سے ناواقف ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے سمارٹ کارپارکنگ پرخصوصی وڈیو تیار کرکے شیئر کی ہے۔
وڈیو میں بتایا گیا کہ سمارٹ کار پارکنگ مسجد الحرام سے تقریباً 10منٹ کے فاصلے پر واقع ہے۔ پارکنگ کے لیے کارڈ حاصل کرکے گاڑی پارک کی جا سکتی ہے۔
جہاں تک پارکنگ کا تعلق ہے خود کار سسٹم کے تحت خالی جگہ پر گاڑی اپنی پوزیشن سنبھال لیتی ہے۔
ایک گھنٹے کی پارکنگ فیس 5 ریال (1.3ڈالر) اور ایک گھنٹے سے زیادہ کی صورت میں چارجز 15ریال (4ڈالر) ہوں گے۔ 4 گھنٹے تک کی یہی فیس ہوگی۔ اگر آپ 4 گھنٹے سے 24 گھنٹے تک وہاں گاڑی پارک کرنا چاہتے ہیں تو ایسی صورت میں آپ سے 30 ریال (8ڈالر) وصول کئے جائیں گے۔
مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی سمارٹ پارکنگ
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالص الفیصل نے اگست 2019 کو پارکنگ کا افتتاح کیا تھا۔ یہ پارکنگ السلیمانیہ محلے میں واقع ہے۔ یہ مسجد الحرام کے اطراف واقع ہے۔
خالد الفیصل نے اس پارکنگ کے افتتاح کے بعد الجمیزة کے علاقے میں ایک اور سمارٹ پارکنگ کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ المعلیٰ قبرستان کے شمالی دروازے سے متصل ہے۔ اس کار قبہ 1920مربع میٹر ہے۔ اس میں 528گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں