قدیم حج شاہراہ درب زبیدہ کے اہم مرکز ’زبالا‘ کی کھدائی
قدیم حج شاہراہ درب زبیدہ کے اہم مرکز ’زبالا‘ کی کھدائی
منگل 26 اکتوبر 2021 5:27
زبالا میں معدنیات اور شیشے کے آلات بھی کھدائی کے دوران دریافت ہوئے تھے- (فوٹو العربیہ)
محکمہ آثار قدیمہ نے کہا ہے کہ شمالی حدود ریجن کی کمشنری رفحا کے جنوب میں ’زبالا‘ کے مقام پر تاریخی کھدائی شروع کی ہے۔ یہ تاریخی حج شاہراہ درب زبیدہ کے معروف مقامات میں سے ایک ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ تاریخی حج شاہراہ درب زبیدہ کے متعدد سٹیشن ہوتے تھے۔ یہ ان میں سے ایک ہے جہاں سے تاریخی کھدائی کا آغاز کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن فرحان نے درب زبیدہ کی ثقافتی اور تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے رمضان میں اس حوالے سے درب زبیدہ پروگرام کا آغاز کیا تھا۔
سعودی وزارت ثقافت کا عزم ہے کہ درب زبیدہ پر تاریخی کھدائی کے دیگر منصوبے نافذ کیے جائیں گے۔ اس تاریخی شاہراہ کی خصوصیات اور مختلف ادوار میں اس کی اہمیت کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقی مقالے اور مطالعات بھی کرائے جا رہے ہیں۔
محکمہ آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ زبالا کا تذکرہ تاریخی دستاویزات میں ملتا ہے۔ مورخین نے اعتراف کیا ہے کہ یہ حاجیوں اور تجارتی قافلوں کا اہم مرکز ہوا کرتا تھا۔ عباسی دور میں اس کی شہرت نقطہ عروج کو پہنچ چکی تھی۔ یہاں مختلف قسم کے بازار ہوا کرتے تھے جبکہ شہر کی حفاظت کے لیے ایک قلعہ بھی قائم کیا گیا تھا- یہاں جامع مسجد بھی ہوا کرتی تھی۔
زبالا پر تاریخی کھدائی کی شروعات 2015 میں ہوئی تھی۔ جہاں مستطیل شکل کی ایک مسجد دریافت ہوئی اور مٹی، پتھر کے تاریخی نوادر بھی ملے تھے۔ معدنیات اور شیشے کے آلات بھی کھدائی کے دوران دریافت ہوئے تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں